پاکستان
Time 19 نومبر ، 2019

وزیراعظم کا افغان طالبان کی جانب سے غیر ملکی پروفیسرز کی رہائی کا خیر مقدم

پاکستان نے ان قیدیوں کی رہائی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، امید ہے یہ اقدام افغان امن عمل میں شریک فریقین کے اعتماد میں اضافہ کرے گا، عمران خان— فوٹو: فائل

وزیراعظم عمران خان نے افغان طالبان کی جانب سے غیر ملکی پروفیسرز کی رہائی کا خیر مقدم کیا ہے۔

اپنے ٹوئٹر پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان نے ان قیدیوں کی رہائی میں بھرپور کردار ادا کیا ہے، امید ہے یہ اقدام افغان امن عمل میں شریک فریقین کے اعتماد میں اضافہ کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ’پاکستان افغانستان میں کیون کنگ اور ٹیموتھی ویکس کی رہائی کا خیر مقدم کرتا ہے اور اسے ممکن بنانے والوں کی کاوشوں کو سراہتا ہے۔ امن کی واپسی اور افغان عوام کو درپیش مصائب کے خاتمے کی عالمی کاوشوں کے ضمن میں پاکستان نے اس کی مکمل حمایت کی اور اسے ممکن بنانے میں اپنا کردار ادا کیا‘۔

عمران خان نے مزید کہا کہ ’ افغان تنازعے کے بات چیت پر مبنی سیاسی حل کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات کی حمایت ہماری قومی پالیسی کا حصہ ہے۔ ہمیں امید ہے کہ اس پیشرفت سے فریقین کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور وہ امن عمل کے جانب دوبارہ لوٹیں گے۔ پاکستان اس امن عمل میں معاونت کا پختہ عزم کیے ہوئے ہے‘۔

خیال رہے کہ افغان طالبان کی قید میں موجود دو غیر ملکیوں کو رہا کردیا گیا ہے، امریکی یونیورسٹی کے پروفیسرز کو امریکی ہیلی کاپٹر کے ذریعے زابل سے روانہ کیا گیا۔

امریکی پروفیسرز کی رہائی کے بدلے طالبان کے 3 رہنماؤں کو رہا کیا گیا ہے۔

مزید خبریں :