Time 19 نومبر ، 2019
پاکستان

رہبر کمیٹی نے ملک بھر میں جے یوآئی (ف) کے دھرنے ختم کرنے کا اعلان کردیا

اسلام آباد: اپوزیشن جماعتوں کی نمائندہ رہبر کمیٹی نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے تحت ملک بھر میں جاری دھرنوں کو ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں رہبر کمیٹی کے اجلاس کے بعد سربراہ کمیٹی اکرم درانی نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ اجلاس میں موجودہ صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔

اکرم درانی نے کہا کہ ’آزادی مارچ اور نواز شریف کے باہر جانے کے فیصلے کے بعدحکومت بوکھلا گئی ہے، عمران خان کی کل کی تقریر حکومت کی بوکھلاہٹ کا ثبوت ہے‘۔

اکرم درانی نے اعلان کیا کہ رہبر کمیٹی نے پلان بی کے تحت ملک بھر میں لاک ڈاؤن اور سڑکوں کی بندش ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے بعد ملک بھر کی سڑکیں کھول دی جائیں۔

اکرم درانی نے کہا کہ اب ہم ضلعی سطح پر مشترکہ احتجاجی جلسے کریں گے، اب احتجاج کا دائرہ کار ضلعی سطح پر ہوگا۔

اکرم درانی نے کہا کہ اجلاس میں رہبر کمیٹی نے آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) بلانے کا فیصلہ کیا ہے، مولانا فضل الرحمان اس حوالے سے قائدین سے رابطے کر کے تاریخ کا تعین کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ اپوزیشن جماعتیں الیکشن کمیشن کے ممبران کے نام تجویز کریں گی، رہبر کمیٹی کل الیکشن کمیشن کے سامنے فارن فنڈنگ کیس کیلئے مظاہرہ کرے گی۔

اکرم درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی نے اپنے چار نکات کا دوبارہ اعادہ کیا یعنی وزیر اعظم کو فوری طور پر جانا ہو گا، فوری آزاد اور منصفانہ انتخابات کرائے جائیں، یہ اپوزیشن کی 9 جماعتوں کے متفقہ فیصلے ہیں۔

اکرام درانی نے کہا کہ رہبر کمیٹی کا طویل اجلاس ہوا جس میں تمام سوالات و جوابات ہوئے، باتوں میں فرق گھروں میں بھی آتا ہے، ہم 9 سیاسی جماعتیں ہیں بعض معاملات پر اختلاف بھی ہوسکتا ہے، رہبر کمیٹی کے ممبران کنٹینرز پر مسلسل آتے رہے ہیں۔

’الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج میں مطالبہ کرینگے کہ فارن فنڈنگ کیس روز کی بنیاد پر سنا جائے ‘

سربراہ رہبر کمیٹی نے کہا کہ اس وقت حکومت دیوار سے لگ چکی ہے، پلان بی کے بعد کسی اور پلان کی ضرورت نہیں رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کی بندش سے تاجروں کو مشکلات کے باعث دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ، حکومت کے پیروں کے نیچے اب ریت رہی ہی نہیں حکومت گر رہی ہے، کل الیکشن کمیشن کے باہر احتجاج کریں گے، مطالبہ کریں گے کہ فارن فنڈنگ کیس روز کی بنیاد پر سنا جائے ۔

اکرم درانی نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں اپنے جھنڈوں کے ساتھ طاقت کا مظاہرہ کریں گی، ہفتے میں ایک روز اپوزیشن جماعتیں ضلعی سطح پر احتجاج کریں گی ۔

اس موقع پر پیپلز پارٹی کے رہنما فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہم اکرم درانی سے مکمل اتفاق کرتے ہیں، چوہدری برادران سے مذاکرات سے متعلق بات ہوئی جس پر اکرم درانی کی وضاحت پر مطمئن ہیں۔

مزید خبریں :