Time 20 نومبر ، 2019
پاکستان

' اپنے لیے” تیسرا پاکستان“ اور دوسروں کے لیے نیا پاکستان ؟'

پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ عمران خان نے چوری نہیں کی تو غیر ملکی فنڈنگ کیس میں خودپیش ہوں۔

ترجمان ن لیگ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ عمران خان قوم سے خطاب کرکے اپنے اور اپنے بچوں اور موجودہ و سابقہ بیویوں کے اثاثے ظاہر کریں۔

مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ اپنے لیے” تیسرا پاکستان“ اور دوسروں کے لیے نیا پاکستان؟

ن لیگ کی ترجمان کا کہنا تھاکہ عمران خان23 خفیہ بینک اکاؤنٹس کی تلاشی دیں، اب حساب ہوگا کہ آپ کی آمدن کیا تھی؟ آپ نے اثاثے کیسے بنائے؟

ان کا مزید کہنا تھا کہ 36 سال میں صرف 47 لاکھ روپے ٹیکس دیا گیا ؟ عمران خان جواب دیں کہ انہوں نے بچوں اور بیگمات کے نام پر غیرملکی بینک اکاؤنٹس کیوں ظاہر نہیں کیے؟ اور دوسروں کی تین نسلوں پر جھوٹے الزام لگائے گئے؟

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے باغی رکن اکبر ایس بابر نے تحریک انصاف میں 23 خفیہ اکاؤنٹس کی موجودگی کیخلاف درخواست الیکشن کمیشن میں دائر کر رکھی ہے اور ان کا مؤقف ہے کہ پارٹی فنڈنگ کیس میں تحریک انصاف کا محل بہہ جائے گا۔

الیکشن کمیشن نے 10 اکتوبر کو اس کیس کے خلاف تحریک انصاف کی جانب سے دائر درخواستوں کو بدنیتی پر مبنی قرار دیا تھا جس کے خلاف پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی اور ہائی کورٹ نے کیس کو دسمبر کے پہلے ہفتے تک ملتوی کر دیا ہے۔

دوسری جانب اپوزیشن کی رہبر کمیٹی نے بھی الیکشن کمیشن سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

مزید خبریں :