’عمران خان نے کھیلوں کیلئے کچھ نہیں کیا، وزیر کھیل بن گیا تو کچھ کرسکوں گا‘


پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ عمران خان نے حکومت میں آنے کے بعد پاکستان میں کھیلوں کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

ایک انٹرویو میں عامر خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی وزیراعظم عمران خان ایک عظیم کھلاڑی اور سیاست دان ہیں تاہم انہوں نے پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے کوئی کام نہیں کیا۔

اپنے انٹرویو میں عامر خان نے پاکستانی سیاست میں حصہ لینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ وزیر کھیل بن گئے تو پاکستانی عوام کے لیے کچھ کرسکیں گے۔

عامر خان نے دعویٰ کیا کہ وہ واحد شخص ہیں جس نے پاکستان میں کھیل کے شعبے کے لیے کچھ کیا ہے اور وہ پاکستانی باکسرز کو دنیا بھر میں فائٹ کے لیے لے کر جا رہے ہیں۔

اس سے قبل بھی عامر خان متعدد بار کہہ چکے ہیں کہ وہ پاکستان میں باکسنگ اکیڈمیز قائم کرنا چاہ رہے ہیں تاہم حکومت نے ان سے تعاون نہیں کیا۔

عامر خان کا کہنا تھا کہ ان کی باکسنگ اکیڈمی میں ایک وزیر آئے اور صرف تصاویر بنا کر واپس چلے گئے اور پھر کچھ بھی نہیں ہوا۔

عامر خان برطانیہ میں شوکت خانم اسپتال کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم کا بھی حصہ رہے ہیں،فوٹو:فائل

پاکستان میں باکسنگ کے فروغ کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کم ازکم 10 سے 15 اکیڈمیز ہونی چاہئیں کیوں کہ پاکستان میں بہت سے باکسر ہیں لیکن ان کے لیے کچھ بھی نہیں کیا جارہا اس لیے میں کہتا ہوں کہ عمران خان ایک کھلاڑی کی حیثیت سے کھیلوں کے فروغ کے لیے کچھ بھی نہیں کررہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کے دور میں انہیں باکسنگ اکیڈمی ملی جہاں انہوں نے اپنی جیب سے ایک لاکھ ڈالر کے قریب خرچ کیے لیکن عمران خان نے تو حکومت میں آنے کے بعد باکسنگ کے لیے کچھ بھی نہیں کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کے قریب سمجھے جانے والے عامر خان برطانیہ میں شوکت خانم اسپتال کے لیے عطیات جمع کرنے کی مہم کا بھی حصہ رہے ہیں۔