Time 22 نومبر ، 2019
کھیل

قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کا ابتدائی راؤنڈ اگلے ہفتے شروع ہوگا

ایونٹ میں 24 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جس کے بعد 8 ٹاپ ٹیمیں فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی— فوٹو: فائل

بارہویں قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کا ابتدائی راؤنڈ اگلے ہفتے سے ملک کے مختلف شہروں میں شروع ہوگا۔

ایونٹ میں 24 ٹیمیں ایکشن میں ہوں گی جس کے بعد 8 ٹاپ ٹیمیں فائنل راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے مطابق قومی ویمن فٹبال چیمپئن شپ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں 24 ٹیمیں 7 گروپس میں تقسیم کی گئی ہیں، مقابلے 25 نومبر سے پانچ دسمبر کے درمیان کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں ہوں گے۔

24 ٹیموں کو سات گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ تھری میں پانچ ٹیمیں شامل ہیں، گروپ سیون میں چار جبکہ باقی پانچ گروپس میں تین تین ٹیمیں شامل کی گئی ہیں۔

ہر گروپ سے ایک ایک جبکہ گروپ تھری سے دو ٹیمیں اگلے ماہ ہونے والے مین راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کریں گی۔

گروپ ون میں جافا ویمن فٹبال کلب، کراچی ویمن فٹبال کلب، نسیم حمید ویمن فٹبال کلب، گروپ ٹو میں ویا ویمن فٹبال کلب، بلوچستان، فٹبال اسکول آف ایکسلینس، گروپ تھری میں سی ڈی ایس ایس ویمن کلب، محسن گیلانی ویمن فٹبال کلب، کراچی ککرز ویمن فٹبال کلب، کراچی یونائیٹیڈ ویمن فٹبال کلب اور سندھ کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ فور میں واپڈا، سی جے ایم سیالکوٹ، ینگ رائزنگ اسٹارز لیہ۔ گروپ فائیو میں پنجاب، ماڈل ٹاؤن ویمن فٹبال کلب، ایچ ای سی، گروپ سکس میں ینگ رائزنگ اسٹارز راولپنڈی، اسلام آباد، گلگت بلتستان جبکہ گروپ سیون میں آرمی، فرنٹیئر ویمن فٹبال کلب ، کے پی ٹی اور ہاکس ویمن فٹبال کلب کی ٹیمیں شامل ہیں۔

گروپ ون، ٹو اور تھری کی ٹیمیں کراچی، فور اور فائیو کی ٹیمیں لاہور جبکہ سکس اور سیون کی ٹیمیں اسلام آباد میں میچز کھیلیں گی۔

پی ایف ایف کے مطابق پہلے راؤنڈ کے اختتام پر دوسرے راؤنڈ کے وینیوز اور ڈراز کا اعلان کیا جائے گا۔

مزید خبریں :