Time 22 نومبر ، 2019
پاکستان

’تصویریں بتا رہی ہیں نوازشریف کی صحت کو کیا خطرات ہیں‘


سیالکوٹ: وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہےکہ لوگوں نے علاج معالجے کے نام پر ائیر ایمبولنس کو بلایا اور چارٹرڈ طیارے میں بیٹھ کرگئے جب کہ تصویریں بتا رہی ہیں کہ میاں صاحب کی صحت کو کیا کیا خطرات لاحق ہیں۔

سیالکوٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ پی ٹی آئی ایسی جماعت ہے جس کےاندر جمہوریت ہے، جمہوریت میں ہر کسی کو آزادی رائے کا حق حاصل ہوتاہے، ہر شخص اپنی سوچ کا آزادا نہ اظہار کرتاہے۔

انہوں نے نوازشریف کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک کو نقصان پہنچائے اسے معاف کرنا مشکل ہوتا ہے، لوگوں نے علاج معالجے کے نام پر ائیر ایمبولنس کو بلایا اور چارٹرڈ طیارے میں بیٹھ کرگئے جب کہ تصویریں بتا رہی ہیں کہ میاں صاحب کی صحت کو کیا کیا خطرات لاحق ہیں لہٰذا قوم امید کرتی ہے کہ علاج معالجے کے بعد میاں نواز شریف واپس آئیں۔

معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے ہدایات جاری کیں کہ ہم عدلیہ کو خودمختار اور آزاد ادارے کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی احتساب پر یقین رکھتی ہے، الیکشن کمیشن تحریک انصاف کے خلاف درخواست بھی سنے، جو درخواست پی ٹی آئی نے دیگر جماعتوں کے خلاف الیکشن کمیشن میں دی ہیں وہ بھی سنی جائیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں رول آف لا کو یقینی بنانا ہے، ہم اپنے آپ کو سب سے پہلے احتساب کے لیے پیش کرتے ہیں، آپ اس الیکشن کمیشن کی طرف انگلیاں اٹھاتے ہیں جس نے الیکشن کرائے، یہ قول و فعل کا تضاد ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی رہبر کمیٹی رہزن کمیٹی بن چکی ہے، کمیٹی کے ہر رکن پر خوف طاری تھا، ان کو عوام کے لیے نہیں اپنی اپنی سیاسی دکانداری کی فکر ہے۔

مزید خبریں :