Time 23 نومبر ، 2019
کھیل

پی ایس ایل: شین واٹسن ایک بار پھر پاکستان آنے کیلئے تیار

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 2020 کے ڈرافٹ سے قبل پلاٹینیم کیٹیگری میں رجسٹریشن کروانے والے آسٹریلوی کرکٹر شین واٹسن ایک بار پھر پاکستان آنے کے منتظر ہیں۔

آسٹریلوی کرکٹ اسٹار شین واٹسن نے  2020 میں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں شرکت کے لیے رجسٹریشن کرادی۔

شین واٹسن پی ایس ایل کے چاروں ایڈیشن میں نمایاں تھے تاہم ان کا سب سے اچھا رن ریٹ 2019 کے ایڈیشن میں آیا جس میں انہیں پلیئر آف دی ٹورنامنٹ کا ایوارڈ دیا گیا۔

شین واٹسن نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ ٹائٹل حاصل کرانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔

12 میچوں میں 143.81 کے اسٹرائیک ریٹ سے 430 رنز بنانے والے شین واٹسن گزشتہ ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز تھے، 43 کی اوسط سے رنز بنانے والے کرکٹر نے ایونٹ میں 4 نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔

آل راؤنڈر نے پشاور زلمی کے خلاف کوالیفائر کے آخری اوور میں 21 رنز کا دفاع کرکے ٹیم کو فائنل میں پہنچایا تھا، حریف ٹیم کے کیرون پولارڈ اور ڈیرن سیمی کی کریز پر موجودگی کے باوجود شین واٹسن نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔

رواں سال کے آغاز میں پاکستان آنے والے شین واٹسن نے  پاکستان میں کھیلنے کے تجربے کو یاد کرتے ہوئے کہا ’میں پاکستان واپس آنے اور پی ایس ایل کے پانچویں ایڈیشن میں کھیلنے کا منتظر ہوں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سال پی ایس ایل کے دوران میرا کراچی میں کھیلنے کا تجربہ بہترین رہا، پاکستان میں موجود افراد کی ایک بڑی تعداد کرکٹ کی مداح ہے، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ٹائٹل جتوانا ان کے کیریئر کا بہترین لمحہ تھا۔

علاوہ ازیں پاکستان سپر لیگ کے پانچویں ایڈیشن میں شین واٹسن کے علاوہ ویسٹ انڈیز کے نکولس پوران اور نیوزی لینڈ کے مچل میکلنگن بھی پلاٹینیم کیٹیگری کا حصہ بن کر ڈرافٹ میں شامل ہوچکے ہیں۔

نیوزی لینڈ کےمچل میکلنگن اس سے قبل لاہور قلندرز اور نکولس پوران ملتان سلطانز کی نمائندگی کر چکے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل کے تیسرے ایڈیشن میں 4 میچز کھیلے تھے۔

دوسری جانب انگلینڈ کے آل راؤنڈر اسٹیفن فن نے بھی پی ایس ایل 2020 کی گولڈ کیٹیگری کے لیے رجسٹریشن مکمل کرلی ہے، اسٹیفن فن سال 2017 اور 2018 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔

پی ایس ایل 2020 کے لیے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ 6 دسمبر کو نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ہوگی۔

مزید خبریں :