23 نومبر ، 2019
قومی ٹیم کے بولنگ کوچ اور سابق فاسٹ بولر وقار یونس کا کہنا ہے کہ پاکستان کا بولنگ لائن اپ ناتجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جب کہ آسٹریلوی بلے باز تجربہ کار ہیں۔
برسبین میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وقار یونس کا کہنا تھا کہ ہمارا فاسٹ بولنگ اٹیک ناتجربہ کا کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، ایک بولرنے تین ٹیسٹ میچز کھیلے، ایک کا ڈیبیو ہوا اور ایک کا کم بیک ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں بولنگ کرنا آسان نہیں ہے اور آسٹریلوی بلے بازوں کو موقع ملتا ہے تو وہ اس سے فائدہ اٹھاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یاسر شاہ ہمارا میچ ونر بولر ہے لیکن بدقسمتی سے اس میچ میں پرفارم نہیں کر سکا جب کہ شاہین شاہ آفریدی نے اس میچ میں سب سے اچھی بولنگ کی لیکن بدقسمتی سے اسے بھی وکٹیں نہ مل سکیں، امید ہے مستقبل میں یہی بولرز سیکھیں گے اور اچھا پرفارم کریں گے۔
فاسٹ بولر عمران خان کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ہیڈ کوچ وقار یونس کا کہنا تھا یہ کہنا کہ عمران خان کی ٹیم میں شمولیت غلط ہوئی عمران خان کے ساتھ زیادتی ہو گی، عمران خان نے ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی پرفارمنس دی ہوئی تھی اور پرتھ کے ٹور میچ میں بھی 5 وکٹیں حاصل کیں لیکن ٹیسٹ میں قسمت نے ساتھ نہیں دیا۔
دوسرے ٹیسٹ میں ٹیم میں تبدیلی سے متعلق سوال پر وقار یونس کا کہنا تھا کون کھیلے گا اور کون نہیں، اس کا فیصلہ چیف سلیکٹر اور ہیڈ کوچ نے کرنا ہے۔
محمد عباس کے حوالے سے قومی ٹیم کے بولنگ کوچ نے کہا کہ عباس گزشتہ 18 ماہ سے ہمارے لیے میچ ونر رہا ہے لیکن بد قسمتی سے محمد عباس اس وقت ردہم میں نہیں ہیں، ماضی میں جس طرح محمد عباس نے بولنگ کی اس وقت اس طرح سے پرفارم نہیں کر رہے لیکن محمد عباس اہم کھلاڑی ہے ہم مایوس نہیں ہیں، ان کی کارکردگی کا جائز ہ لے رہے ہیں۔