'تم جانتے ہو میں کون ہوں' ایک سوشل ایکسپیریمنٹ تھا: علی رحمان

اسکرین گریب

پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کے نامور اداکار علی رحمان کی سوشل میڈیا پر ریسٹورنٹ کے ملازم سے بد تمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا جس پر اداکار کا مؤقف بھی سامنے آگیا ہے۔

علی رحمان کی بدتمیزی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر آگ کی طرح پھیل گئی اور  صرف ایک گھنٹے میں ہی اداکار کی ویڈیو مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ بن گئی۔

۔۔۔۔اسکرین گریب

اداکار علی رحمان کو وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ وہ ریسٹورنٹ کے ایک ملازم پر چلاتے ہوئے ان سے کہہ رہے ہیں کہ آپ کو معلوم نہیں ہے کہ میں کون ہوں؟

وائرل ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جاستا ہے کہ معروف اداکار ریسٹورنٹ ملازم سے بدتمیزی کرتے ہوئے ان پر چیخ رہے ہیں کہ آپ نے مجھے کبھی ٹی وی پر نہیں دیکھا؟

متعدد ڈراموں اور فلموں میں اداکاری کرنے والے علی رحمان کی ملازم سے بدتمیزی کی وائرل ویڈیو میں ملازم مسلسل ان سے معافی مانگتے ہوئے بھی نظر آ رہا ہے۔

علی رحمان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر تھوڑی ہی دیر میں اس قدر وائرل ہوئی کہ ان کے مداحوں نے انہیں نتقید کا نشانہ بنا ڈالا۔

اداکار کی ویڈیو پر ٹوئٹر صارفین نے مایوسی کا اظہار کیا جب کہ متعدد صارفین نے انہیں تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔

ٹوئٹر پر ایک صارف نے علی رحمان کی وائرل ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ یہ اس غریب ملازم پر کیوں چیخ رہا ہے؟

ایک صارف نے اداکار علی رحمان کی اس ویڈیو پر شدید غصے کا اظہار کیا اور ان کے اس رویے کو شرمناک قرار دیا۔

ایک اور صارف نے علی رحمان کی وائرل ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ میں ان کا رویہ دیکھنے کے بعد بے حد مایوس ہوئی۔

ویڈیو سے متعلق علی رحمان کا مؤقف

علی رحمان نے سوشل میڈیا پر اپنی ویڈیو وائرل ہونے کے کچھ دیر بعد اپنے ٹوئٹر اور انسٹا گرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو میسیج جاری کیا  جس میں ان کا کہنا ہے کہ میں جانتا ہوں کہ سب لوگ اس حوالے سے میرا مؤقف سننے کے انتظار میں ہوں گے، اس لیے میں بلا کسی تاخیر کے پوری بات آپ کو بتا رہا ہوں تاکہ سب تصویر کا دوسرا رخ بھی دیکھ سکیں۔

اداکار کا کہنا ہے کہ یہ صرف اور صرف ایک سوشل ایکسپیریمنٹ (سماجی تجربہ) تھا اور اس کا مقصد ملک میں 'تم جانتے ہو میں کون ہوں' اور وی آئی پی کلچر کے خلاف آواز اٹھانا تھا۔

علی رحمان کا کہنا ہے کہ وہ یہ دیکھ کر بہت خوش ہوئے ہیں کہ سب نے میری ویڈیو دیکھ کر اس پر آواز اٹھائی، اس معاملے پر بات کی اور ویڈیو فوراً وائرل ہوگئی۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم لوگ سوشل میڈیا پر آواز تو اٹھاتے ہیں لیکن اس پر عمل نہیں کرتے، انہوں نے مداحوں کو پیغام دیا کہ وہ کسی معاملے پر آواز اٹھائیں تو خود بھی اس پر عمل کریں۔

مزید خبریں :