Time 24 نومبر ، 2019
پاکستان

چین بطور وزیر ریلوے مجھ سے مطمئن ہے: شیخ رشید

میری تبدیلی سے متعلق خبر بے بنیاد ہے، وزیراعظم عمران خان نے مجھے ریلوے میں 2 مشیر رکھنے کی بھی اجازت دے دی ہے: وفاقی وزیر ریلوے کی جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘ میں گفتگو— فوٹو: فائل 

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنی تبدیلی کی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ چین بطور وزیر ریلوے مجھ سے مطمئن ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’نیا پاکستان‘میں گفتگو کرتے وفاقی شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نیا سال ہوگا تو عمران خان مسائل پر قابو پالیں گے، مولانا فضل الرحمان نے بہت بڑی ایکسرسائز کی اور دھرنے کی ایک سال تیاری کی۔

انہو ں نے کہا کہ دھرنا دنیا کا سب سے مشکل کام ہے لیکن 7سال قید کاٹنا آسان ہے، مولانافضل الرحمان لوگوں کو لیکر ضرور آئے تاہم اُن کی کوئی حکمت عملی نہیں تھی، وہ 11 سیٹوں کو 111 بھی کرلیں پھر بھی ان کا سیاست میں کردار نہیں۔

ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کا نام ہی پی ٹی آئی اور وہی اتحادی ہے، اتحادیوں کا کوئی کردار نہیں ہے۔

ایک سوال کہ ’چین وفاقی وزراء مراد سعید اور شیخ رشید کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں اور ان کی تبدیلی کے حوالے سے کہا ہے‘ کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ گزشتہ دنوں جتنا بڑا حادثہ ہوا ہے، میری تبدیلی تو ہوجانی چاہیے تھی، ایم ایل ون پر میں نےدستخط کیے تو میں ہی انجام تک پہنچاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ میری تبدیلی سے متعلق خبر بے بنیاد ہے ، بطور وزیر ریلوے چین اور وزیراعظم مجھ سے مطمئن ہے، وزیراعظم عمران خان نے مجھے ریلوے میں 2 مشیر رکھنے کی بھی اجازت دے دی ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی وزیر برائے ریلوے شیخ رشید احمد کے ایک سالہ دور میں اب تک  ریلوے میں کئی چھوٹے بڑے حادثے ہوچکے ہیں اور رواں سال 31 اکتوبر کو تیزگام ایکسپریس میں آتشزدگی کے واقعے میں 70 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

مزید خبریں :