Time 25 نومبر ، 2019
پاکستان

وزیر اعلیٰ سندھ سے متعلق ٹارگٹ کلر کے بیان پر کمیٹی کی تحقیقات مکمل

پولیس کے مطابق کہ ملزم نے 30 افراد کوخود قتل کرنے کا اعتراف کیا،فوٹو: اسکرین گریب جیو نیوز

 کراچی میں 96 افراد کے قتل میں الزام میں گرفتار متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کے حوالے سے بیان پر تحقیقاتی رپورٹ مکمل کرلی گئی۔

ذرائع کے مطابق آئی جی سندھ ڈاکٹر کلیم امام کو بھجوائی گئی رپورٹ میں سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ضلع شرقی کراچی ( ایس ایس پی ایسٹ) غلام اظفر مہیسر کی چین آف کمانڈ پر رپورٹ میں سوال اٹھائے گئے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کے بیان سے متعلق انکوائری رپورٹ گول مول کرکے بنائی گئی ہے اور رپورٹ میں کسی پر براہ راست ذمے داری عائد نہیں کی گئی۔

 آئی جی سندھ اس رپورٹ کا جائزہ لیں گے اور  جائزہ لینے کے بعد وزیر اعلیٰ سندھ  سے شیئر کریں گے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ رپورٹ پر تحقیقاتی کمیٹی کے تمام اراکین کے دستخط موجود نہیں ہیں، رپورٹ پر صرف تحقیقاتی کمیٹی کے سربراہ عامر فاروقی کے دستخط ہیں اور رپورٹ کی روشنی میں ایس ایس پی ایسٹ کو عہدے سے ہٹائے جانے اور صوبہ بدر کیے جانے کا امکان ہے۔

یاد رہے کہ  گزشتہ دنوں کراچی پولیس نے 96 افراد کے قتل میں الزام میں متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) لندن کے مبینہ ٹارگٹ کلر یوسف عرف ٹھیلے والا کو گرفتار تھا جس نے اپنے بیان میں وزیراعلیٰ سندھ اور فاروق ستار سے رابطےکا دعویٰ کیا تھا۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایس پی ایسٹ  نے بتایا تھا کہ ملزم پر 1995 سے اب تک 96 افراد کے قتل کاالزام ہے، ملزم 1996 میں گرفتار ہوا اور 1997 میں رہا ہوا، ملزم اس سے قبل 2017 میں گرفتار ہوچکا ہے اور اس وقت پیرول پر رہا تھا۔

دوسری جانب سےایم کیوایم بحالی کمیٹی کےسربراہ فاروق ستارنے خود پر لگائے گئے الزامات کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے اپنے خلاف سازش قرار دیا تھا۔

جب کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ ایک دہشت گرد کے حوالے سے ویڈیو میں مجھ کو منسوب کیا گیا، میں ٹھیلے والے سے نا کبھی ملا ہوں اور نا ہی اسے جانتا ہوں، 2017 میں جب وہ گرفتار ہوا تھا تو وہ رینجرز کی تحویل میں تھا۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ اس معاملے کی تہہ تک پہنچ گیا ہوں، میں نے اس حوالے سے آئی جی پولیس اور ایڈیشنل آئی جی کو انکوائری کا حکم بھی دیا ہے۔

مزید خبریں :