Time 25 نومبر ، 2019
پاکستان

لاہور ہائیکورٹ کا پرویز مشرف کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر اعتراض

سابق صدر نے اسلام آباد کی خصوصی عدالت کو سنگین غداری کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کے حوالے سے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کررکھی ہے— فوٹو: فائل

لاہور ہائی کورٹ نے اسلام آباد کی خصوصی عدالت کو سنگین غداری کیس کا فیصلہ سنانے سے روکنے کے حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست کے قابلِ سماعت ہونے پر اعتراض اٹھادیا۔

عدالت نےسابق صدر کے وکلاء کو ہدایت کی کہ وہ اس نکتہ پر تفصیلی معاونت کریں کہ درخواست کس طرح لاہور ہائی کورٹ میں قابلِ سماعت ہے؟

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی نے سابق صدر پرویز مشرف کی درخواست پر ابتدائی سماعت کی،عدالت نے باور کرایا کہ درخواست گزار اسلام آباد کے رہائشی ہیں، ان کا معاملہ سپریم کورٹ میں زیر ِسماعت ہے، ایسی صورت میں درخواست گزار کو سپریم کورٹ سے ہی رجوع کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ایان علی کیس میں سپریم کورٹ طریقہ کار طے کرچکی ہے، لاہور ہائی کورٹ درخواست پرکیسے سماعت کرسکتی ہے؟

عدالت نے پرویز مشرف کے وکلاء کو دلائل کیلئے 26 نومبر تک کی مہلت دے دی۔

خیال رہے کہ اسلام آباد کی خصوصی عدالت نے 19 نومبر کو سابق صدر پرویز مشرف کیخلاف سنگین غداری کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا جو 28 نومبر کو سنایا جانا ہے۔

اس حوالے سے پرویز مشرف نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں بھی ایک درخواست دائر کردی ہے جس پر سماعت منگل کو ہوگی۔

مزید خبریں :