26 نومبر ، 2019
آج کل نت نئے ڈیزائن کے کیک تیار کیے جاتے ہیں اور یہ نت نئے ڈیزائن کے کیک سب کی توجہ کا مرکز بھی بنتے ہیں اور کھانے میں بھی مزیدار ہوتے ہیں۔
اس تصویر کو دیکھنے سے تو ایسا ہی لگتا ہے کہ یہ ایک مرغی ہے جسے بیکنگ ٹرے میں رکھ کر اوون میں ڈال کر پکنے کے لیے رکھا جائے گا۔
لیکن یہ آپ کی آنکھوں کا دھوکا ہے، یہ بات آپ کو ماننا تھوڑا مشکل لگ تو رہا ہوگا مگر یہی سچ ہے۔
اس تصویر میں بیکنگ ٹرے میں سجا ہوا ایک کیک ہے جو کہ ہو بہو ایک مرغی کی طرح بنایا گیا ہے اور یہ کھانے میں بے حد مزیدار بھی ہے۔
برطانیہ کی معروف کیک آرٹسٹ سارہ ہاردے ایک تجربہ کار کیک آرٹسٹ ہیں جنہوں نے یہ کیک نہایت ہی باریکی، نفاست اور ہو بہو مرغی جیسا تیار کیا ہے۔
سارہ ہاردے کیک بنانے کے لیے شکر، اسپنج کیک، چاکلیٹ کا استعمال کر کے انسانی اعضاء سے لے کر تمام جانوروں کی طرح ہو بہو کیک تیار کرنے میں ماہر ہیں۔
حال ہی میں کیک آرٹسٹ سارہ کی ایک ویڈیو وائرل ہوئی جس میں انہوں نے ایک مرغی نما کیک بنایا ہوا تھا۔
سارہ نے ایک انٹرویو میں بتایا کہ وہ اپنے آرٹ اسکول میں موم کے پُتلے بنا کر معاوضہ وصول کرتی تھیں۔
انہوں نے بتایا کہ جب وہ حاملہ ہوئی تھیں تو انہوں نے اس بات کا فیصلہ کیا کہ اب وہ ان کیمیکل والی چیزوں (موم) کے ساتھ کام نہیں کریں گی۔
انہوں نے سوچا کہ اب وہ اپنا یہ ٹیلنٹ کھانا بنانے میں استعمال کر سکتی ہیں جس کے بعد انہوں نے کیک بنانا شروع کیے۔
اب سارہ ہر ڈیزائن کے کیک بنانے میں ماہر ہو چکی ہیں اور یہ ٹیلینٹ اب ان کی شہرت کی وجہ ہے۔