پاکستان

چیف سیکرٹری پنجاب کو عہدے سے ہٹادیا گیا

وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ملاقاتوں کے بعد پنجاب میں چیف سیکرٹری کو تبدیل کردیا گیا۔

ذرائع  کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب  یوسف نسیم کھوکھر کو  عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات وفاق کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور انہیں وفاق میں ہی ذمہ داریاں دیے جانے کا امکان ہے۔

یوسف نسیم کھوکھر کی جگہ وفاقی سیکرٹری داخلہ میجر ریٹائرڈ اعظم سلیمان کو چیف سیکرٹری پنجاب تعینات کردیا گیا ہے اور اس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سلیمان کی جگہ اسپیشل سیکرٹری داخلہ میاں وحید الدین کو وفاقی سیکرٹری داخلہ لگائے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ پنجاب میں چیف سیکرٹری کی تبدیلی کا فیصلہ وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی گزشتہ روز ملاقات میں کیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کورکمیٹی کااجلاس اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرِ صدارت ہوا تھا،جس میں پنجاب میں انتظامی تبدیلیوں کی ضرورت پر زور دیاگیا۔

اجلاس کے بعد  وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بُزدار نے گزشتہ روز24 گھنٹوں کے دوران وزیراعظم عمران خان سے 2 بار ملاقاتیں کی تھیں۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں صوبے میں انتظامی تبدیلیوں کے حوالے سے مشاورت اور پنجاب کی سیاسی صورتحال اور ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ان ملاقاتوں کے بعد پنجاب میں انتظامی سطح پر بڑی تبدیلیوں کا امکان ہے۔

مزید خبریں :