پاکستان
Time 28 نومبر ، 2019

وزیراطلاعات خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی کا بچت کے لیے انوکھا فارمولا

پشاور: وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے بی آر ٹی منصوبے میں بچت کا دعویٰ کردیا۔

پشاور میں میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی نے کہاکہ ڈالر کی قدر بڑھنے سے ہمیں فائدہ ہوا ہے، ایک طرف لاگت بڑھ گئی تو دوسری طرف ہمیں پونے 4 ارب کی بچت ہوئی، ہم نے تو ادائیگی پاکستانی روپے میں کرنی ہے، ان چیزوں سے متعلق لوگوں کو نہیں پتا،کہتے ہیں کہ لاگت بڑھتی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی کی لاگت کبھی نہیں بڑھی، لاگت 3 ارب کی بڑھی ہے لیکن دوسری طرف ہمیں بچت ہوئی ہے، بی آر ٹی میں ہمیں جیب سے لگانے کی ضرورت ہی نہیں۔ 

گزشتہ روز اس حوالے سے بات کرتے ہوئے شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ منصوبہ پر 87 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے عوام اب اس پر اگلے سال ہی سفر کرسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بی آر ٹی منصوبے میں 32 کی بجائے 30 اسٹیشنز تعمیر کیے جائیں گے،  منصوبہ کے لیے 85 فیصد مختص رقم خرچ کردی گئی ہے، بی آر ٹی 28 کلومیٹر روٹ میں حیات آباد سے کارخانو مارکیٹ تک توسیع کی گئی ہے، 13 کلو میٹر ایلوویٹیڈ روڈ پر مشتمل روٹ پر چلنے والے بسوں کی خریداری کے لئے ساڑھے 8 ارب روپے مختص کئے گئےہیں۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 220 میں سے 120 بسں پشاور پہنچ گئی ہیں۔ْ

واضح رہےکہ پشاور میں ٹرانسپورٹ کا منصوبہ بی آر ٹی تحریک انصاف کے گزشتہ دورِ حکومت میں سابق وزیراعلیٰ پرویز خٹک کے دور میں شروع ہوا جو کئی تاریخوں کے باوجود تاحال مکمل نہیں ہوسکا ہے۔

مزید خبریں :