دنیا
Time 28 نومبر ، 2019

افغان امن عمل کی کامیابی کے امکانات پہلے سے بھی زیادہ ہیں: امریکی جنرل

فوٹو: فائل

امریکا کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف جنرل مائیک ملے کا کہنا ہے کہ افغانستان میں امن عمل کی کامیابی کے امکانات پہلے سے بھی زیادہ ہیں۔

ستمبر میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کا عہدہ سنبھالنے والے جنرل مائیک ملے گزشتہ روز (27 نومبر) اپنے پہلے دورے پر افغانستان پہنچے۔

افغانستان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے جنرل مائیک ملے کا کہنا تھا کہ میں سمجھتا ہوں کہ مذاکرات کے ذریعے افغانستان کی 18 سالہ جنگ کو ختم کرنے کے امکانات پہلے سے زیادہ ہیں۔

امریکی جنرل کا مزید کہنا تھا کہ افغان امن عمل کے حوالے سے مذاکرات جلد کامیاب ہوں گے، بس مثبت نتائج کے لئے کام باقی رہ گیا ہے۔

دوسری جانب دوحا میں طالبان وفد نے بھی امریکی حکام سے ملاقات کی ہے۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق طالبان رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ہمارے لیڈرز نے امریکی حکام سے غیر سرکاری ملاقاتیں شروع کی ہیں، امریکی حکام کے ساتھ امن عمل دوبارہ شروع ہونے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں۔

مزید خبریں :