Time 29 نومبر ، 2019
کھیل

حسن علی کی پسلیوں میں فریکچر کا انکشاف

فائل فوٹو: حسن علی

لاہور: ‏فاسٹ بولر  حسن علی کمر کے بعد پسلیوں کی تکلیف میں مبتلا ہو گئے جس کے بعد ان کی کرکٹ میں واپسی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔

حسن علی ستمبر سے کمر کی تکلیف کا شکار ہیں اور اسی وجہ سے وہ سری لنکا کے خلاف ہوم سیریز اور دورہ آسٹریلیا کے لیے قومی ٹیم میں شامل نہ ہو سکے۔

حسن علی نے نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں ری ہیب میں حصہ لیا جس کے بعد انہیں  قائد اعظم ٹرافی میں سینٹرل پنجاب کی جانب سے کراچی میں نویں راونڈ کا میچ کھیلنے کی بھی اجازت دی گئی تاکہ میچ سے ان کی فٹنس کا اندازہ لگایا جا سکے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ سے قبل حسن علی نے پسلیوں میں تکلیف کے بارے میں بتایا جس کے بعد  کراچی کے ایک اسپتال سے ان کا اسکین کرایا گیا، اسکین میں دائیں طرف پسلیوں میں تین جگہ سے ہئیر لائن فریکچر کا انکشاف ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق حسن علی کو سینٹرل پنجاب سے ریلیز کر دیا گیا ہے اور ان کا لاہور میں بھی اسکین کرایا گیا ہے، رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد انہیں آرام تجویز کیا جائے گا ۔

‏حسن علی پاکستان کی جانب سے 9 ٹیسٹ ، 53 ون ڈے اور 30 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیل چکے ہیں  جب کہ انہوں نے  آخری میچ آئی سی سی ورلڈ کپ میں 16 جون کو مانچسٹر میں بھارت کے خلاف کھیلا۔

رواں سیزن میں انہوں نے فرسٹ کلاس کرکٹ میں پہلے راؤنڈ کا میچ کھیلا، انہوں نے  سینٹرل پنجاب کی جانب سے سادرن پنجاب کے خلاف میچ میں تین وکٹیں حاصل کیں۔

مزید خبریں :