29 نومبر ، 2019
لاہور میں اسموگ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان نے نوٹس لے لیا۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں موسم خشک ہے تاہم دھند کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اورحد نگاہ کم ہونے لگی ہے۔
لاہورمیں حد نگاہ 1200 میٹر اور ائیر پورٹ پر 150میٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ دیگر شہروں فیصل آباد اور جھنگ میں 100میٹر ،گجرات میں 600 میٹر، جہلم میں 500 میٹر، بہاولنگر میں 800 میٹر، بہاولپور میں 740 میٹر اور قصور میں 400 میٹر ریکارڈ کی گئی۔
حد نگاہ کم ہونے کے باعث موٹروے حکام کی جانب سے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اپنانے کی تاکید کی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں اسموگ کے معاملے کا نوٹس لے لیا ہے۔
اسموگ کے تدارک کے لیے حکومت پنجاب کے متعلقہ اداروں کا اجلاس ہفتے کو طلب کیا گیا ہے جس میں وزیراعظم کو اسموگ کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی جائے گی۔
یاد رہے کہ لاہور میں شدید اسموگ کا سلسلہ جاری ہے اور ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق 25 نومبر کو فضائی آلودگی میں لاہور پہلے نمبر پر آگیا تھا۔