'اغواء کے وقت دعامنگی کی بہن موقع پر موجود تھی'

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس سے قانون کی طالبہ دعا منگی کے اغواء  کی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ مغویہ کی بہن کی بھی موقع پر موجود تھی جب کہ پولیس نے تاوان وصولی کے پہلو پر بھی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ 

کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس میں ہفتے کی شب کار سوار ملزمان ایک نوجوان کو گولی مار کر اس کے ساتھ موجود لڑکی کو اغواء کر کے فرار ہو گئے تھے۔

مذکورہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں میں دیکھا جاسکتا ہے کہ دعا اور زخمی حارث چہل قدمی کررہے ہیں اور دونوں جیسے ہی گلی میں مڑے تو ملزمان نے فائرنگ کی۔

قانون کی طالبہ دعا منگی کے اغواء کے سلسلے میں پولیس نے ان کے گروپ کے لڑکے لڑکیوں سمیت 22 افراد کے بیانات ریکارڈ کرلیے ہیں ۔

پولیس کے مطابق ملنے والی اہم معلومات سے تفتیش تیزی سے آگے بڑھ رہی ہے جب کہ تفتیشی ٹیم نے بڑا بخاری میں واقع ہوٹل"ماسٹر چائے" کو اس اہم کیس کیلئے مرکز تفتیش بنا لیا ہے۔

یاد رہے کہ ڈیفنس فیز 6 کے علاقے بڑا بخاری اور اطراف میں اس طرح کے ہوٹل نوعمر لڑکے لڑکیوں کی بیٹھک بن چکے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق ماسٹر چائے کے تمام ویٹرز، سیکیورٹی گارڈ اور دیگر ملازمین سمیت دیگر افراد کے بیانات ریکارڈ کئے گئے ہیں۔

اس سلسلے میں ایک اور انکشاف ہوا ہے کہ واردات کے وقت دعا کی بڑی بہن بھی اسی ہوٹل پر اپنے دوست کے ساتھ موجود تھی۔

بہن کے مطابق دعا اور حارث بات چیت کرنے کے لیے اٹھ کر ٹہلنے لگے کہ گولی چلنے کی آواز آئی۔

بیانات سے یہ بھی انکشاف ہوا ہے کہ مغوی دعا منگی کئی ماہ سے وقفے وقفے سے دوستوں کے ساتھ ماسٹر چائے پر آکر بیٹھتی تھی تاہم گزشتہ چار پانچ دن سے وہ مسلسل اور طویل دورانیہ کے لیے بیٹھک کر رہی تھی۔

اس بیٹھک کے 3 لڑکوں کو بھی پولیس نے بیانات کے بعد مزید تفتیشی مدد کے لیے روک لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق واقعہ سے پہلے اور بعد میں علاقے کی سی سی ٹی وی فوٹیجز میں نظر آنے والی ملزمان کی کار جیسی ایک مشکوک گاڑی بھی پکڑلی گئی ہے تاہم اس حوالے سے مزید تفتیش جاری ہے ۔

 تاوان وصولی کے پہلو پر بھی تفتیش 

دوسری جانب تفتیشی ٹیم تاوان وصولی کے پہلو پر بھی تفتیش کر رہی ہے جب کہ امریکہ میں تعلیم کے حصول کے دوران ایک نوجوان کی جانب سے جبری شادی کی کوشش اور بلیک میلنگ کا معاملہ بھی پولیس نے تفتیش میں شامل کرلیا ہے۔

پولیس کے تفتیشی ذرائع کے مطابق کراچی کی مقامی لاء یونیورسٹی میں فاؤنڈیشن کی طالبہ دُعا منگی نے اپنے حلقہ احباب میں خود کو امیرزادی اور ڈیفنس کے بڑے بنگلے کی رہائشی ظاہر کر رکھا تھا۔

ڈیفنس فیز 6 میں بڑا بخاری کے ہوٹل کے باہر سے اغواء کے بعد حقائق سامنے آنے پر دعا منگی کے کورنگی کراسنگ پر رہنے کے انکشاف پر اس کے ساتھی حیرت زدہ ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق دعا منگی کی جانب سے عام کئے گئے رئیس زادی کے تاثر سے اس کے تاوان کی غرض سے اغواء کئے جانے کے پہلو پر بھی تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق امریکا میں تعلیم کے حصول کے دوران دعا کی پاکستانی لڑکے سے دوستی ہوگئی تھی جس نے بعد ازاں دعا کو شادی پر رضامند کرنے کی کوشش کی۔

ذرائع کے مطابق دعا مانگی کے مسلسل انکار پر وہ لڑکا مبینہ دھمکیوں پر اتر آیا اور اس نے شادی نہ کرنے کی صورت میں مبینہ طور پر دعا کی بعض تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل کرنے کی دھمکی بھی دی۔

پولیس کے تفتیشی ماہرین کے مطابق اس پہلو کو بھی تفتیش کا حصہ بنایا گیا ہے اور اس پولیس نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد حارث زخمی ہوا تو اسے سنبھالنے کے دوران دعا منگی کا فون وہاں گر گیا تھا جسے پولیس نے تحویل میں لے لیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق حارث اور دعا کے موبائل فون ڈیٹا کی مدد سے بھی پولیس تفتیش کو آگے بڑھا رہی ہے۔

مزید خبریں :