Time 02 دسمبر ، 2019
پاکستان

کیا سابق ڈی جی ایف آئی اے کو علی زیدی کی شکایت پر ہٹایا گیا؟ اندرونی کہانی

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے سابق ڈائریکٹر  بشیر میمن کو عہدے سے ہٹانے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ 

ذرائع کے مطابق سابق ڈی جی ایف آئی اے کو وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کی شکایت پر ہٹایا گیا۔

ذرائع نے بتایا کہ 29 نومبر کو علی زیدی لندن سے اسلام آباد پہنچے تو انہوں نے ایف آئی اے کےکام میں مداخلت کی، علی زیدی ائیرپورٹ سیکیورٹی فورس (اے ایس ایف) اہلکاروں کو امیگریشن ڈیسک پر بٹھانا چاہتے تھے اور اہلکاروں کو امیگریشن ڈیسک پر بٹھانے کا حکم بھی دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ علی زیدی اے ایس ایف اہلکاروں کو ان سسٹمز پر بٹھانا چاہتے تھے جہاں اِنٹی گریٹڈ بارڈر منیجمنٹ سسٹم (آئی بی ایم ایس) نصب نہیں تھا، وفاقی وزیر نے ایف آئی اے امیگریشن ڈیسک کو اپنا پاسپورٹ بھی مہر کے لیے نہیں دیا۔

ذرائع کے مطابق علی زیدی پی کے 786 کے مسافروں کے رش کی وجہ سے ایف آئی اے پر برہم تھے، اس دوران وفاقی وزیر نے امیگریشن حکام اور ائیرپورٹ کی وڈیوز بھی بنائیں۔

جیونیوز نے اسلام آباد ائیرپورٹ کی سی سی ٹی وی وڈیو بھی حاصل کرلی جس میں وفاقی وزیر علی زیدی حکام کو ہدایات دیتے نظر آرہے ہیں۔ 

علی زیدی نے وزیراعظم کو کسی شخص کی شکایت نہیں لگائی بلکہ سسٹم کی بات کی، ترجمان

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے بحری امور علی زیدی کے ترجمان عمر فاران کا کہنا ہے کہ علی زیدی نے وزیراعظم کو کسی شخص کی شکایت نہیں لگائی بلکہ سسٹم کی بات کی، علی زیدی کے پاسپورٹ پر ایگزٹ مہر بھی لگائی گئی۔

ترجمان کے مطابق وفاقی وزیر نے رش ختم کرنے کے لیے مزید امیگریشن ڈیسک کھلوائے اور وہ رش ختم کرانے کے لیے موقع پر ہی کھڑے رہے جس کے باعث اپنے دفتر بھی ایک گھنٹہ تاخیر سے پہنچے۔

عمر فاران نے بتایا کہ علی زیدی نے اے ایس ایف اہلکاروں کو ڈیسک سنبھالنے کا نہیں کہا بلکہ ایک اے ایس ایف اہلکار کے بارے میں پوچھا تھا۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود ایف آئی اےکے ڈائریکٹر جنرل بشیر میمن کو عہدے سے ہٹاکر واجد ضیاء کو نیا ڈی جی ایف آئی اے تعینات کردیا ہے۔

سپریم کورٹ نے اصغرخان کیس میں بشیر میمن کو تحقیقاتی افسر مقرر کر رکھا ہے اور تحقیقات مکمل ہونے تک بشیر میمن کو عہدے پر رکھنےکا حکم دیا تھا۔

اس سے قبل رواں سال ستمبر میں وفاقی وزارت داخلہ نے بشیر میمن کو جبری رخصت پر بھیج دیا تھا اور ان کی جگہ ڈاکٹر مجیب الرحمان خان کو قائم مقام ڈی جی کا چارج  دیا گیا تھا۔

مزید خبریں :