03 دسمبر ، 2019
کشمیر کے موضوع پر سینیئر صحافی ناصر بیگ چغتائی کی کتاب ’سلگتے چنار‘ کی تقریب اجراء کراچی میں ہوئی جس میں سینیئر صحافیوں، فنون لطیفہ سے تعلق رکھنے والی شخصیات اور سامعین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
کراچی پریس کلب کی ادبی کمیٹی کے زیر اہتمام ہونے والی تقریب میں سینیئر صحافی محمود شام، مقصود یوسفی، ڈاکٹر فاطمہ حسن، عقیل عباس جعفری ، اخلاق احمد اور اے ایچ خانزادہ سمیت صحافی اور ادبی شخصیات شریک ہوئیں۔
سینیئر صحافی محمود شام نے کتاب ’سلگتے چنار‘ کو عمدہ کاوش قرار دیتے ہوئے کہا کہ ناول کشمیری عوام کی حقیقی آواز ہے جس میں کشمیر کی تحریک آزادی کی جدوجہد کرنے والوں کے حالات تفصیل سے بیان کیے گئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ کتاب اپنے پڑھنے والوں پر کشمیری عوام کی سلگتی زندگی کے تلخ حقائق آشکار کرکے انہیں اشکبار کر دیتی ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ کشمیر کی تحریک آزادی پر اس سے زیادہ پر اثر اور سچے واقعات پر مبنی ناول نہیں پڑھا۔
سامعین کو بتایا گیا کہ کتاب کے مصنف اور معروف صحافی و تجزیہ کار ناصر بیگ چغتائی کو یہ اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ پاکستانیوں کے اس پہلے وفد میں شامل تھے جو بحیثیت صحافی مقبوضہ کشمیر گئے اور وہاں کے حالات کا مشاہدہ کیا۔
ناصر بیگ چغتائی نے کتاب کے تحریر کرنے کے دوران پیش آنے والے واقعات اور تحربے سے تقریب میں موجود شرکاء کو تفصیل سے آگاہ کیا جسے سب نے انتہائی انہماک سے سنا۔
اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کشمیر آج بھی سلگ رہا ہے لیکن وہ دن دور نہیں جب کشمیری قدرت کے اس حسین ترین خطہ زمین پر آزادی سے جی سکیں گے۔