04 دسمبر ، 2019
الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک تاحال برقرار ہے۔
وفاقی وزیر شیریں مزاری کی زیر صدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آج بھی الیکشن کمینش کے اراکین کی تقرری کا اعلان نہ ہو سکا۔
اس حوالے سے سربراہ کمیٹی شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ اپوزیشن سے بڑی اچھی ملاقات رہی جس میں الیکشن کمیشن اراکین کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
شیریں مزاری نے بتایا کہ اتفاق یہ ہوا ہے کہ چیف الیکشن کمشنرکا معاملہ بھی آنے والا ہے اس لیے کمیٹی چیف الیکشن کمشنر اور دونوں ممبران پر ایک ساتھ اتفاق رائے لائے گی۔
وفاقی وزیرنے کہا کہ آج اتفاق رائے سے فیصلہ کیا ہے کہ تینوں ناموں پر اتفاق رائے سے فیصلہ کریں گے، ان شاء اللہ اگلے ہفتے اجلاس بلا کر تینوں ناموں پر اتفاق رائے کر لیں گے۔
دوسری جانب ذرائع کا بتانا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت سے چیف الیکشن کمشنر کا نام فراہم کرنے اور چیف الیکشن کمشنر اور دونوں ارکان کا تقرر اکٹھا کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔