پاکستان
Time 05 دسمبر ، 2019

گوگل کی سینیئر پاکستانی ایگزیکٹو اہم عہدہ چھوڑ کر پاکستان آگئیں

گوگل کی ایک سینیئر پاکستانی ایگزیکٹو  تانیہ ایدرس اہم عہدہ چھوڑ کر پاکستان آگئی ہیں اور یہاں وہ وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل پاکستان وژن پروگرام میں اپنی خدمات سرانجام دیں گی۔

تانیہ ایدرس سنگاپور میں واقعہ گوگل کے علاقائی ہیڈ آفس میں اہم پوزیشن پر فائز تھیں لیکن وہ اپنی پرکشش نوکری چھوڑ کر پاکستان میں وزیراعظم عمران خان کے ڈیجیٹل وژن پروگرام کی سربراہی کریں گی۔

تانیہ نے امریکا کی میساچیوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی سے ایم بی اے کی ڈگری حاصل کی ہے۔

ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب میں تانیہ ایدرس کا کہنا تھا کہ میرا صرف ایک ایجنڈہ ہے اور وہ یہ ہے کہ میں پاکستان کو ترقی کرتا دیکھنا چاہتی ہوں۔

'حکومت کو عام پاکستانی کے مستقبل کی پرواہ ہے'

تانیہ کا کہنا تھا کہ جب یہ حکومت آئی تو مجھے محسوس ہوا کہ میں پاکستان جاکر کچھ کرسکتی ہوں کیونکہ مجھے اعتماد تھا کہ اس حکومت کو عام پاکستانی کے مستقبل کی پرواہ ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جہانگیر ترین نے مجھے پاکستان آنے پر رضامند کیا اور وزیراعظم اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے وزیر سے ملاقات کروائی جس سے مجھے واپس پاکستان آنے کا حوصلہ ہوا۔

ٹوئٹر پر اپنے بیان میں تانیہ ایدرس نے کہا ہے کہ ’میں وزیراعظم عمران خان اورجہانگیر ترین کا شکریہ اداکرتی ہوں کہ جنہوں نے مجھے موقع دیا تاکہ میں اپنے ملک کو کچھ لوٹا سکوں‘۔

تانیہ ایدرس کا کہناہے کہ سب کی حمایت سے ہم انشاءاللہ ڈیجیٹل پاکستان وژن کو حقیقت میں تبدیل کردیں گے۔

آخر میں ان کا کہنا تھا کہ جیسا کے وزیراعظم کہتے ہیں کہ ' گھبرانا نہیں ہے'۔

کرپشن کےخاتمےکے لیے ای گورننس ضروری ہے، وزیراعظم

اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے ڈیجیٹل پاکستان وژن پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کےخاتمےکےلیے ای گورننس ضروری ہے، اداروں میں جیسےہی ای گورننس آئی، ادارےتبدیل ہوگئے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ بے روزگاری کے جن پر قابو پانے کے لیے ٹیکنالوجی کا فروغ ناگزیر ہے،ڈیجیٹل پاکستان پروجیکٹ نوجوانوں کےلیےمفید ہے،اس کابھرپورفائدہ اٹھائیں گے۔

وزیراعظم نے تانیہ ایدرس کے پاکستان آنے کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ جولوگ زندگی میں اوپرپہنچے انہوں نے بڑے فیصلے کیے ہیں ، چھوٹا فیصلہ ذاتی ہوتا ہے، جب کہ بڑا فیصلہ دوسروں کے لیے ہوتا ہے۔

تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے بتایا کہ ڈیجیٹل پاکستان میں 5 پیرامیٹرزکا تعین کیا گیا ہے، اس سے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبےکی استعداد میں اضافہ ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان نے مزید بتایا کہ ای گورننس سے شفافیت کو فروغ ملےگا، ڈیجیٹیلائزیشن سے ہر شعبے میں جدت لانے میں مدد ملےگی اور اس کےذریعےعام آدمی کی معلومات تک رسائی ہوگی۔

مزید خبریں :