06 دسمبر ، 2019
پاکستان فلم اور ڈرامہ انڈسٹری کی نامور اداکارہ مہوش حیات سابق صدر پرویز مشرف کے حق میں بول پڑیں۔
اداکارہ مہوش حیات نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر سابق صدر پرویز مشرف کی اسپتال کی ایک ویڈیو شیئر کی۔
مہوش حیات نے ویڈیو کے کیپشن میں صدر پرویز مشرف کی حمایت کرتے ہوئے لکھا کہ ’آئیے ایک لمحے کے لئے سیاست کو ایک طرف رکھ دیتے ہیں، یہ شخص ہمارے ملک کاصدر رہ چکا ہے اور ہر مشکل وقت میں انہوں نے ہماری رہنمائی کی‘۔
تمغہ امتیاز حاصل کرنے والی اداکارہ نے اپنے پیغام میں مزید لکھا کہ ’آپ انہیں پسند کرتے ہوں یا ان سے نفرت کرتے ہوں، وہ سُنے جانے کے مستحق ہیں‘۔
اداکارہ مہوش حیات نے کہا کہ کیا قانون کسی بھی شخص کو جرم ثابت ہونے تک بے گناہ قرار نہیں دیتا؟
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کی خلاف ورزی کرنے پر سنگین غداری کا مقدمہ چل رہا ہے۔
اداکارہ مہوش حیات کے اس ٹوئٹ پر مداحوں نے بھی ان کی حمایت کرتے ہوئے اپنے ردِعمل کا اظہار کیا۔
ٹوئٹر پر ایک صارف نے اداکارہ مہوش حیات کے کیپشن سے اتفاق کرتے ہوئے سابق صدر پرویز مشرف کی حمایت کی۔
سعد ملک نامی صارف نے جذباتی انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ’یہ دل کے بہت صاف ہیں سب پر بھروسہ بھی کرتے ہیں‘۔
حسان احمد نامی صارف نے کہا کہ ’مشرف نے دوسرے سیاست دانوں سے زیادہ بہتر ملک چلایا تھا‘۔