Time 10 اکتوبر ، 2019
انٹرٹینمنٹ

مہوش حیات کیلئے ایک اور اعزاز

 مہوش حیات کے مطابق یہ ان کیلئے فخر کی بات ہے کہ وہ لڑکیوں کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے اہم کردار ادا کرسکیں گی— فوٹو:فائل

پاکستان کی معروف اداکارہ مہوش حیات کو وفاقی  وزارتِ انسانی حقو ق کی جانب سے لڑکیوں کے حقوق کی خیر سگالی سفیر منتخب کیا گیا ہے۔

 تمغہ امتیاز کی حامل اداکارہ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا کہ انہیں انتہائی خوشی ہے کہ وزارت انسانی حقوق کی جانب سے انہیں لڑکیوں کے حقوق کے حوالے سے کام کرنے کیلئے خیر سگالی سفیر منتخب کیا گیا ہے۔

اپنے ویڈیو بیان میں ادکارہ نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میرے لیے یہ بہت فخر کی بات ہے کہ میں لڑکیوں کو ان کے حقوق دلوانے کیلئے اہم کردار ادا کرسکوں ۔

مہوش حیات کا کہنا ہے کہ وہ ایسا پاکستان دیکھنا چاہتی ہیں کہ جہاں بچیوں کو تعلیم حاصل کرنے کے یکساں مواقع حاصل ہوں۔

اداکارہ نے اپنے مداحوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس مقصد میں ان کاساتھ دیں کیونکہ وہ سمجھتی ہیں کہ اگر لڑکیوں کو ان کا حق دیا جائے تو وہ دنیا بدل سکتی ہیں۔

یاد رہے  کہ مہوش حیات کو رواں سال یومِ پاکستان کے موقع پر پاکستانی فلم انڈسٹری میں 'نمایاں کارکردگی' پر 'تمغہ امتیاز' سے نوازا گیا تھا۔

تمغہ امتیاز حکومت پاکستان کی جانب سے دیا جانے والا چوتھا بڑا سول اعزاز ہے جو افواج پاکستان کے سپہ سالار یا پھر ایسے فرد کو دیا جاتا ہے جس نے ملک کیلئے لازوال خدمات انجام دی ہوں یا جس سے معاشرے میں مثبت تبدیلی رونما ہوئی ہو۔ 

مزید خبریں :