09 دسمبر ، 2019
پنجاب کے وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب خان کھچی نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کی افتتاحی تقریب کے لیے مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کو شرکت کی دعوت دیدی۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی کا جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا اورنج لائن میٹرو ٹرین کا منصوبہ شہباز شریف کا تھا اس لیے انہیں افتتاحی تقریب میں شرکت کی دعوت دیتا ہوں۔
جہانزیب کھچی نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے روایات کے برعکس منصوبہ مکمل کیا، اب ٹرین چلے گی۔
صحافی کی جانب سے شہباز شریف کی آمد پر گرفتاری سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے جہانزیب کھچی کا کہنا تھا کہ شہباز شریف ہمارے مہمان ہوں گے، کوئی ادارہ گرفتار کر لے تو میرا کوئی تعلق نہیں۔
اورنج لائن کے افتتاح سے متعلق پوچھے گئے سوال پر صوبائی وزیر کا کہنا تھا 10 دسمبر کو ٹرین کا افتتاح کر رہے ہیں اور نا ہی اپنے نام کی تختی لگا رہے ہیں، 10 دسمبر کو اورنج لائن ٹرین کے مکمل روٹ کا ٹرائل رن کر رہے ہیں۔
وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب کا کہنا تھا عمران خان اور ان کے وزراء کام کرنے پر یقین رکھتے ہیں تختیاں لگانے پر نہیں۔