Time 09 دسمبر ، 2019
پاکستان

افغان حکام نے پی آئی اے طیارے کو بڑا رن وے استعمال کرنے سے روک دیا

پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائنز (پی آئی اے) کی کابل سے اسلام آباد آنے والی پرواز کو افغان حکام نے بڑا رن وے استعمال کرنے سے روک دیا، پاکستان کی جانب سے سفارتی سطح پر معاملہ اٹھانے کے بعد جہاز کو اڑان بھرنے کی اجازت ملی۔

قومی ائیرلائن کی پرواز پی کے 250  آج کابل سے اسلام آباد واپس آنے کے لیے کابل کے انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر تیارکھڑی تھی کہ اچانک افغان سول ایوی ایشن اتھارٹی  کی ہدایت پر ائیرٹریفک کنٹرول نے طیارے کوبڑے رن وے سے ٹیک آف کرنے سے روک دیا۔

پی آئی اے کے پائلٹ نے چھوٹے رن وے سے اڑان بھرنے سے معذرت کرلی جس کی وجہ یہ تھی کہ طیارے کو 162 مسافروں کے ساتھ چھوٹے رن وے سے اڑانا ممکن نہ تھا۔ 

چھوٹارون وے استعمال کرنے کی صورت میں متعدد مسافروں کو آف لوڈ (جہاز سے اتارنا) کرنا پڑتا اورایسا کرنے پر ائیرلائن کو بھاری جرمانہ ادا کرنا پڑ سکتا تھا جب کہ مسافروں کوسامان کی حوالگی الگ سے ایک مشکل مرحلہ ثابت ہوتا۔

 اس صورت حال میں پائلٹ نے چھوٹا رن وے استعمال کرنے سے معذرت کرتےہوئے پاکستان میں متعلقہ حکام کوصورت حال سے آگاہ کیا۔

 ذرائع کے مطابق پاکستانی حکام نے معاملہ افغان قیادت کے ساتھ استنبول میں اٹھایا جس کے بعد جہاز کو کئی گھنٹے کی تاخیر کےبعد بڑے رن وے سے اڑان بھرنے کی اجازت دی گئی۔

مزید خبریں :