10 دسمبر ، 2019
اسلام آباد: وزیراعظم پاکستان عمران خان نے انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر خصوصی پیغام دیا ہے کہ پاکستان حق خودارادیت کی جدوجہد میں کشمیریوں کیساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ اس دن ہمیں اپنی دعاؤں میں مقبوضہ کشمیر کے بہادر اور مظلوم عوام کو یاد رکھنا چاہیے کیونکہ انہیں قابض بھارتی افواج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کاسامناہے۔
انہوں نے کہاکہ 5 اگست کے بعد صورتحال مزیدخراب ہوگئی ہے اور گزشتہ چار ماہ سے زائد کے عرصے سے جاری غیرانسانی محاصرے اور دوسری پابندیوں کے باعث مقبوضہ کشمیر کو دنیا کی سب سے بڑی جیل میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔
وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسانی حقوق کےعالمی دن پرعالمی شعور کو جھنجوڑا جائے۔ انہوں نے عالمی قوانین کے رکھوالواں اور سلامتی کونسل سے مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے غاصبانہ قبضےکا نوٹس لیں۔
واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی جانب سے عائد کرفیو کو 4 ماہ سے زائدعرصہ ہو چکا ہے اور وادی میں لاک ڈاؤن کے سبب کشمیری عوام شدید اذیت کا شکار ہیں۔
128 روز سے جاری کرفیو اور پابندیوں کے باعث مقبوضہ وادی میں نظام زندگی مفلوج ہے اور تعلیمی ادارے، دکانیں، کاروباری مراکز بند جب کہ سڑکوں پر ٹرانسپورٹ اب بھی غائب ہے۔
ان سب کے علاوہ انٹرنیٹ، موبائل فون اور لینڈ لائن سروس بھی تاحال بند ہے جب کہ حریت رہنما اور مقامی سیاسی قیادت سمیت 11 ہزار کشمیری گرفتار ہیں۔