Time 10 دسمبر ، 2019
پاکستان

اورنج لائن چل پڑی مگر شہری ابھی مزید انتظار کریں

لاہور کی اورنج لائن ٹرین نے مکمل روٹ پر آزمائشی سفر  آغاز کر دیا۔

اورنج لائن ٹرین ویئر ہاؤس سے اسٹیشن نمبر 1 پر پہنچی جہاں سے وہ  35 منٹ کی تاخیر سے آزمائشی سفر پر اپنی منزل مقصود کی جانب روانہ ہوئی۔

اس موقع پر وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب جہانزیب خان کھچی اور وزیر اطلاعات پنجاب فیاض چوہان اسٹیشن پر موجود تھے۔

ٹرین ڈیرہ گوجراں سے علی ٹاؤن تک 27 کلو میٹر کا فاصلہ 45 منٹ میں طے کرے گی مگر شہریوں کو ٹرین پر سفر کرنے کے لیے  ابھی مزید 3 ماہ کا انتظار کرنا پڑے گا۔

بجلی سے چلنے والی اورنج ٹرین مکمل آٹومیٹک ہے، اس میں  200مسافروں کے بیٹھنے اور 800 کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے 4 سال 4 ماہ قبل اگست2015ء میں اورنج لائن ٹرین کا کام شروع کرایا تھا۔

ایک ارب 62 کروڑ ڈالر کی لاگت کے اس منصوبے کو دسمبر2017ء میں مکمل ہونا تھا لیکن عدالتی حکم امتناعی اورحکومتوں کی تبدیلی کے باعث یہ منصوبہ دوسال کی تاخیر کا شکار ہوا۔

یاد رہے کہ اس سے قبل شہبازشریف بھی اورنج لائن ٹرین دو بار آزمائشی طورپر چلا چکے ہیں۔

مزید خبریں :