Time 10 دسمبر ، 2019
پاکستان

نواز شریف کی واپسی سے متعلق وزیراعظم نے کیا کہا؟ کابینہ اجلاس کی اندرونی کہانی

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی و معاشی صورتحال پر غور کیا گیا اور کئی اہم فیصلے کیے گئے۔ 

وفاقی کابینہ کے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق بھی گفتگو ہوئی، اجلاس کی اندرونی کہانی کے مطابق کابینہ ارکان نے استفسار کیا کہ نوازشریف کب واپس آرہے ہیں؟

ذرائع کے مطابق بعض ارکان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو عدالت سے علاج کے لیے دیےگئے وقت میں 10 دن باقی ہیں، تاحال نوازشریف کی وہاں کی رپورٹس سامنے نہیں آئیں لیکن 10 دن بعد نوازشریف نے پنجاب حکومت سے رابطہ کرنا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ ارکان نے کہا کہ رابطے کے لیے سفارتخانے کا نمائندہ رپورٹس چیک کرکے وفاقی حکومت کو بتائے گا اور وفاقی حکومت پنجاب حکومت کو رپورٹس سے متعلق آگاہ کرے گی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نوازشریف کو علاج کے لیے مزید وقت دینا پنجاب حکومت کی صوابدید ہے، مزید وقت دینا ہے تو پنجاب حکومت اس معاملے میں خود مختار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے خالصتاً انسانی بنیادوں پر نوازشریف کو علاج کے لیے سہولت دی لہٰذا کوئی اس کا غلط مطلب نہ سمجھے، اگر اجازت نہ دیتے تو لوگ سمجھتے کہ وزیراعظم بہت ظالم ہے۔

ذرائع کے مطابق اکثر اراکین نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا  نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کی، اس پر وزیراعظم نے کہاکہ ابھی تو ای سی ایل ریویو کمیٹی نے کابینہ میں رپورٹ پیش نہیں کی اور  اس پر بات کرنا قبل از وقت ہے، ای سی ایل ریویو کمیٹی کی رپورٹ آنے دیں پھر بات کریں گے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف 19 نومبر سے علاج کے لیے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کے ٹیسٹ اور طبی معائنے کا سلسلہ جاری ہے اور کئی ڈاکٹرز ان کا معائنہ کرچکے ہیں۔

سزا یافتہ افراد کے میڈیا میں بیانات کو روکنے کے لیے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت 

علاوہ ازیں وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ دنیا کی تاریخ میں کوئی ایسا قانون موجود نہیں جس کے تحت سزا یافتہ قیدی یا ای سی ایل پر ڈالا گیا شخص کسی اور بیمار کی عیادت کرنے کے لیے درخواست دے ۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے  گیس صارفین کے لیے 30 ارب روپے کی سبسڈی دینے کا فیصلہ کیا ہے  اور وزیر اعظم نے سردیوں میں غریب صارفین کو بلا تعطل گیس کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ سزا یافتہ اور مفرور افراد میڈیا پر آکر ملکی قوانین کا مذاق اڑاتے ہیں ، کابینہ کے اجلاس میں سزا یافتہ افراد کے میڈیا میں بیانات کو روکنے کے لیے لائحہ عمل بنانے کی ہدایت کی گئی۔

مزید خبریں :