12 دسمبر ، 2019
مقبول سرچ انجن گوگل نے کروم براؤزر میں صارفین کے پاسورڈ کی حفاظت اور ان کا ڈیٹا ہیکرز سے بچانے کے لیے نئے اور اہم فیچر کے اضافے کا اعلان کیا ہے۔
امسال اکتوبر میں گوگل نے کروم صارفین کے پاسورڈ کی حفاظت کے لیے پاسورڈ منیجر ایپ کی شکل میں ایک ویب پیج متعارف کرایا تھا جس کے ذریعے یہ معلوم کیا جا سکتا تھا کہ ان کے تمام سیو پاسورڈز گوگل کروم میں کس حد تک محفوظ ہیں اور انہیں ہیکنگ کا سامنا تو نہیں ہوا۔
اب گوگل نے کروم صارفین کے پاسورڈ اور ڈیٹا کی خاص حفاظت کو مدنظر رکھتے ہوئے مذکورہ ویب پیج کو بطور فیچر شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔
گوگل کے مطابق کروم میں ایک نیا فیچر شامل کیا جا رہا ہے جو پاسورڈ یا ڈیٹا ہیک ہونے کی صورت میں صارفین کو فوراً خبردار کر دے گا۔
یعنی جب کروم صارفین پاسورڈ لاگ اِن کریں گے تو براؤزر کی جانب سے مطلع کر دیا جائے گا کہ صارف کا پاسورڈ اُن کا ڈیٹا ہیک کرنے کے نتیجے میں کوئی استعمال کر چکا ہے۔
کروم صارفین کو نئے فیچر کے تحت یہ بھی بتا دیا جائے گا کہ ان کا ہیک ہونے والا پاسورڈ کتنی مختلف سائٹس پر استعمال کیا جا رہا ہے، ساتھ ہی پاسورڈ تبدیل کرنے کا آپشن بھی مہیا کیا جائے گا۔
یعنی اس فیچر کی مدد سے سہولت ہو گی کہ کروم صارفین کو کسی اگلی ونڈو پر جاکر اپنے خفیہ کوڈ کی حفاظت سے متعلق جاننا نہیں پڑے گا بلکہ اسی وقت انہیں ڈیٹا اور پاسورڈ کی حفاظت کے حوالے سے ہدایت فراہم کی جائے گی۔
گوگل کا کہنا ہے کہ نیا فیچر گوگل سیف براؤزر ڈیٹا بیس پر بنایا جائے گا جو پہلے سے 30 فیصد زیادہ مؤثر طور پر صارفین کے پاسورڈز اور ان کی معلومات محفوظ رکھے گا۔
گوگل کروم کا نیا حفاظتی فیچر آئندہ ہفتے متعارف کرایا جائے گا۔