12 دسمبر ، 2019
حکومت نے ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹس انسٹی ٹیوشن (ای او بی آئی) کے تحت پنشن لینے والے افراد کی پنشن ساڑھے 6 ہزار روپے سے بڑھا کر ساڑھے 8 ہزار روپے کرنے کا اعلان کردیا۔
وزیراعظم عمران خان کا اپنی ٹوئٹ میں کہنا تھا کہ پنشن میں اضافہ ریاست مدینہ کی جانب ایک اور اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے ایک سال میں ای او بی آئی کے پنشنرز کو ملنے والی رقم 62 فیصد اضافے کے ساتھ 8500 روپےکردی ہے جس سے پنشنرز کو ریٹائرمنٹ کے بعد کے ایام میں مالی تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ اس رقم کا کثیر حصہ خود ادارے کی اصلاح سےحاصل ہورہا ہے۔
دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 ماہ میں ای او بی آئی پنشنرز کے لیے 62 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ای او بی آئی پہلے کرپشن کی وجہ سے مشہور تھا لیکن اب ای او بی آئی نے ریکارڈ 21 ارب روپے جمع کیے ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت کے پہلے ٹرم کے اختتام تک پنشن کو 15 ہزار کر دیں گے۔
خیال رہے کہ تحریک انصاف کے دور حکومت میں پنشن میں یہ اضافہ دوسری بار ہوا ہے، اس سے قبل کم ازکم پنشن 5 ہزار 200 روپے سے بڑھا کر 6 ہزار 200 روپے کی گئی تھی۔