Time 12 دسمبر ، 2019
پاکستان

‘آرمی چیف کی مدت میں توسیع کیلئے قانون سازی کا عمل فوری شروع کیا جائے‘

وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ 

اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے قانون سازی کا عمل فوری شروع کرنے کی ہدایت کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے معاملے پر وزیر دفاع پرویز خٹک کو اپوزیشن اور اتحادی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا ٹاسک دیا تھا۔

کور کمیٹی اجلاس میں وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی پر حملے سے متعلق  کہا ہے کہ لاہور میں اسپتال پر حملہ کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔

واضح رہے کہ 28 نومبر 2019 کو آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس میں سپریم کورٹ نے حکومت کو 6 ماہ میں قانون سازی کرنے کا حکم دیتے ہوئے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت میں 6 ماہ کی مشروط توسیع دی تھی۔

مزید خبریں :