13 دسمبر ، 2019
کراچی: بادل میں بارش کی مقدار اور سمندری طوفان سے متعلق پیشگی اطلاع فراہم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے لیس ریڈار محکمہ موسمیات کے دفتر میں نصب کر دیا گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسم کی صورتحال سے آگاہ کرنے والا جدید ایس بینڈ ڈوپلر ریڈار بادلوں میں موجود بارش کے پانی کی مقدار بتانے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا کہ ریڈار 450کلومیٹر تک کے علاقے کے موسم کی صورتحال کا پتا لگا سکتا ہے، جو جنوری میں باقاعدہ کام شروع کر دے گا۔
سردار سرفراز نے بتایا کہ جاپان کے تعاون سے نصب کیا جانے والا ڈوپلر ریڈار بادلوں کی پیمائش کر سکے گا اور سمندری طوفان کے حوالے سے بھی معلومات فراہم کرے گا۔
ڈائریکٹر محکمہ موسمیات نے بتایا کہ ڈوپلر ریڈارکی تنصیب پر ایک ارب 58 کروڑروپے کی لاگت آئی ہے۔