13 دسمبر ، 2019
کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری اسلام آباد ہائیکورٹ سے ضمانت پر رہائی کے بعد کراچی پہنچ گئے۔
گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے صدر آصف علی زرداری کو ضمانت پر رہا کیا گیا تھا جس کے بعد انہیں آج کراچی منتقل کیا گیا۔
سابق صدر ، وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہمراہ خصوصی طیارے کے ذریعے کراچی ائیرپورٹ پہنچے جہاں بلاول بھٹو اور دیگر قائدین نے ان کا استقبال کیا۔
پی پی صدر کو وہیل چیئر پر ائیر پورٹ سے باہر لایا گیا جہاں اولڈ ٹرمینل پر پارٹی کارکنوں کی بھی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی جنہوں نے سابق صدر کے حق میں نعرے لگائے کی اور ان کی گاڑی پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں جبکہ آصف زرداری نے کارکنوں کے نعروں کا ہاتھ ہلا کر جواب دیا۔
سابق صدر ائیرپورٹ سے سیدھا زرداری ہاؤس پہنچے جہاں انہوں نے اپنی بہن فریال تالپورسے ملاقات کی جس کے بعد وہ بلاول ہاؤس پہنچ گئے۔
ذرائع کے مطابق رات بلاول ہاؤس میں قیام کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری کو علاج کے لیے کراچی کے نجی اسپتال میں داخل کرایا جائے گا جبکہ اس حوالے سے اسپتال کے اندر اور باہر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
یاد رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل میں قید تھے جنہیں طبیعت ناساز ہونے پر 23 اکتوبر کو پمز منتقل کیا گیا جہاں وہ ضمانت پر رہائی تک زیر علاج تھے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے سابق صدر آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت کے لیے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی تھی۔
چند روز قبل اسلام آباد ہائیکورٹ نے آصف علی زرداری کے لیے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈٹ (ایم ایس) کو نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔
11 دسمبر کو اسلام آباد ہائیکورٹ نے میگا منی لانڈرنگ اور پارک لین ریفرنسز میں سابق صدر آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ روپے کے دو مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔ اس کے بعد اگلے روز 12 دسمبر کو آصف زرداری کو رہا کیا گیا۔