14 دسمبر ، 2019
رات میں دیر تک جاگنا اور دن میں دیر تک سونے کی عادت آپ کے روز مرہ کے معاملات اور بہترین نیند کو متاثر کر سکتی ہے اور اس کا صحت پر بھی گہرا اثر پڑتا ہے۔
اکثر رات کو دیر سے سونے کی وجہ سے یہ عادت ہماری روٹین کا حصہ بن جاتی ہے جس کی وجہ سے ہم میں سے بہت سے لوگوں کو رات میں وقت پر سونے کے لیے دواؤں کا استعمال کرنا پڑ جاتا ہے۔
لیکن ماہرین نے انکشاف کیا ہے کہ بہترین اور پُرسکون نیند کا براہِ راست تعلق روزمرہ کھائی جانے والی خوراک سے بھی ہوتا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ انسان کچھ غذاؤں کو اپنی خوراک میں شامل کر کے بہترین نیند حاصل کر سکتا ہے۔
آج ہم آپ کو ایسی ہی غذاؤں کے بارے میں بتائیں گے جن کو روزانہ خوراک میں شامل کر کے پُرسکون نیند حاصل کی جا سکتی ہے۔
پنیر
پنیر جسے پروٹین حاصل کرنے کا اہم ذریعہ بھی سمجھا جاتا ہے لیکن صحت کو بہتر کرنے کے ساتھ ساتھ پنیر میں ایک اور خاصیت بھی پائی جاتی ہے۔
جی ہاں! پنیر میں ’ٹرپٹوفن‘ نامی اجزاء پایا جاتا ہے جو سیروٹونائن ہارمون بڑھانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
یہ سیروٹونائن ہارمون میلاٹونن میں تبدیل ہو جاتا ہے جو نیند کو بڑھاوا دیتا ہے۔
جؤ
جؤ میں یہ خاصیت ہوتی ہے کہ یہ دل کی صحت کو بہتر بناتا ہے، اس میں بےشمار وٹامنز اور نمکیات پائے جاتے ہیں جو کہ صحت کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
جؤ کو ’میلاٹونن‘ ہارمونز کا ذریعہ سمجھا جاتا ہے، یہ ہارمونز انسان کے سونے اور جاگنے کی عادت کے ذمہ دار ہوتے ہیں، جؤ کو اپنی غذا میں شامل کرنے سے بہترین نیند حاصل کی جا سکتی ہے۔
دودھ
دودھ کو بھی میلاٹونن اور ٹرپٹوفن کا ایک بہترین ذریعہ سمجھا جاتا ہے، خاص طور پر گائے کے دودھ میں یہ وافر مقدار میں پایا جاتا ہے۔
روزانہ دودھ پینا بھرپور نیند کو بڑھاوا دیتا ہے، اگر آپ پُرسکون اور بہترین نیند کے خواہاں ہیں تو رات میں سونے سے پہلے ایک گلاس دودھ پی کر سوئیں۔
انڈے
انڈوں کو غذائیت سے مالامال سمجھا جاتا ہے، انڈوں کی زردی میں وٹامن ڈی وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو اچھی نیند کے لیے معاون کردار ادا کرتا ہے۔
انڈوں میں بھی ٹرپٹوفن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے جو بھرپور اور پرسکون نیند کے لیے بہترین ہے۔
چیری
جؤ کی طرح چیری میں بھی میلاٹونن وافر مقدار میں پایا جاتا ہے، اس کے ساتھ چیری میں دیگر غذائی اجزاء بھی پائے جاتے ہیں جس میں اینٹی آکسیڈینٹ سرِفہرست ہے، چیری کو خوراک میں شامل کرنے سے بھی بہترین نیند حاصل کی جا سکتی ہے۔