پاکستان
Time 14 دسمبر ، 2019

پی ٹی آئی کو واضح اکثریت نہیں، اسی لیے سرائیکی صوبہ نہیں بن سکتا: فیاض چوہان

پنجاب کے وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان نے سرائیکی صوبہ نہ بننے کی وضاحت کردی۔ 

حکمران جماعت تحریک انصاف کے منشور میں جنوبی پنجاب کے علاقوں پر مشتمل الگ صوبہ بنانا شامل ہے جبکہ اس حوالے سے 2018 کے انتخابات سے قبل جنوبی پنجاب محاذ نامی جماعت بھی پی ٹی آئی میں ضم ہوگئی تھی۔ 

9 مئی 2018 کو مشترکہ پریس کانفرنس کے دوران موجودہ وزیراعظم و چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جنوبی پنجاب صوبہ محاذ کی جانب سے خسرو بختیار نے معاہدے پر دستخط کیے تھے اور معاہدے کے تحت جنوبی پنجاب صوبہ محاذ تحریک انصاف میں ضم ہوگی اور تحریک انصاف اقتدار میں آکر جنوبی پنجاب صوبہ بنانے کی پابند ہوگی۔

اس حوالے سے تحریک انصاف کی حکومت نے ملتان میں جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ بھی قائم کیا تھا لیکن اب صوبائی حکومت کے وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان نے سرائیکی صوبہ نہ بننے کی وضاحت کی ہے۔

پریس کانفرنس کے دوران صحافی کےسوال کے جواب میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ تحریک انصاف کو اسمبلیوں میں واضح اکثریت حاصل نہیں، یہی وجہ ہےکہ سرائیکی صوبے کا قیام ممکن نہیں۔

خیال رہے کہ  9 مئی 2012ء کو پنجاب اسمبلی اپنی الگ قراردادوں میں متفقہ طورپر بہاولپور صوبہ اور جنوبی پنجاب صوبہ کے قیام کی منظوری دے چکی ہے جبکہ مسلم لیگ (ن) اس حوالے سے قومی اسمبلی میں بل بھی پیش کرچکی ہے۔

مزید خبریں :