پاکستان
Time 16 دسمبر ، 2019

پولیو کیسز میں تشویشناک اضافے کے بعد ملک بھر میں انسداد پولیو مہم شروع

ملک بھر میں پولیو کیسز کی تعداد 100 سے تجاوز کرچکی ہے جس کے بعد انسداد پولیو مہم کا آغاز کردیا گیا ہے۔ 

رواں سال خیبرپختونخوا میں پولیو کے سب سے زیادہ 75 کیسز سامنے آئے جبکہ سندھ میں 16، بلوچستان میں 7 اور پنجاب میں 6 کیسز رپورٹ ہوئے۔

پولیو کیسز میں تشویشناک حد تک اضافے کے بعد ملک بھر میں 3 سے 7 روز تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم شروع کردی گئی ہے۔ 

سندھ

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں جنت گل میڈیکل سینٹر میں وزیر اعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے— فوٹو: سندھ حکومت

صوبہ سندھ کے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ نے بچوں کو قطرے پلاکر صوبے میں 7 روزہ انسداد پولیو مہم کا افتتاح کیا۔

کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن میں جنت گل میڈیکل سینٹر میں وزیر اعلیٰ سند ھ سید مراد علی شاہ نے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائے۔

میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعلی سندھ کا کہنا تھا کہ آج صرف پولیو پر بات کرینگے سیاسی بات نہیں کی جائیگی، وزیراعظم عمران خان سب کام چھوڑ کر پولیو پر توجہ دیں اور پاکستان کے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنائیں۔

سیکریٹری صحت سندھ زاہد عباسی کا کہنا تھا کہ قومی انسداد پولیو مہم سات ماہ کے بعد شروع ہوئی ہے، تاخیر کے باعث مشکلات آئیں اور سندھ میں کیسز 16 تک جا پہنچے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی کی 7 انتہائی حساس یو نین کونسلوں میں مہم کو تیز کیا جارہا ہے، مہم کے دوران پانچ سال تک کے 90 لاکھ سے زائد بچوں کا ہدف مقر ر کیا گیا مہم میں 60 ہزار پولیو رضا کار گھر گھر جا کر بچوں کو قطرے پلائیں گے جن کے تحفظ کے لیے 5 ہزار سے زائد قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کی خدمات حاصل کی گئی ہیں۔

خیبر پختونخوا

پشاور سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ہے— فوٹو: سوشل میڈیا

پشاور سمیت صوبہ خیبر پختونخوا میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگئی ہے۔  مہم کے دوران صوبے بھر میں 67 لاکھ سے زائد بچو ں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

پولیو ورکرز کی سیکیورٹی کے لیے 10 ہزار پولیس اہلکار تعنیات کیے گئے ہیں۔ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ محمود خان نے بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا افتتاح کیا۔

پنجاب

پنجاب میں مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 2 کروڑ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے— فوٹو: سوشل میڈیا

پنجاب بھرمیں 5 روزہ انسدادِ پولیو خصوصی مہم شروع ہو گئی، وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مہم کا افتتاح کیا۔

مہم کے دوران 5 سال سے کم عمر کے تقریباً 2 کروڑ  بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔

انسداد پولیو ایمبیسڈر سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم کا کہناہےکہ تمام والدین کو پولیو ورکرز پر فخر ہے ۔

انچارج پولیو پروگرام کا کہنا ہےکہ مہم کے دوران بچوں کو مختلف بیماریوں سے بچاؤ اور قوت مدافعت میں اضافے کیلئے وٹامن اے کے کیپسول بھی دیے جائیں گے۔ 

بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گندواہ کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر صوبے میں پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا— فوٹو: جام کمال ٹوئٹر

وزیراعلیٰ بلوچستان نے جام کمال خان نے جھل مگسی کے علاقے گندواہ میں بچوں کو انسداد پولیو قطرے پلاکر مہم کا افتتاح کردیا۔

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال گندواہ کا دورہ کیا اور بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا کر صوبے میں پولیو مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔

صوبائی وزراء نواب زادہ طارق مگسی، میر عارف جان محمد حسنی، رکن قومی اسمبلی میر خالد خان مگسی اور رکن صوبائی اسمبلی میر سکندر عمرانی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔

وزیراعلیٰ نے پولیو مہم کو مزید مؤثر اور نتیجہ خیز بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کوئی بچہ پولیو ویکسین اور وٹا من اے سے محروم نہ رہے ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے کہاکہ مہم کے دوران غیر ذمہ داری نظر آئی تو سخت کارروائی ہوگی۔

یاد رہے کہ 13 دسمبر کو اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان نے 5 سال سے کم عمر بچی کو پولیو کے قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کیا تھا۔ 

تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا تھا کہ بدقسمتی سے پاکستان ان 2 ملکوں میں شامل ہے جہاں آج بھی پولیو کا وائرس موجود ہے، یہ ہمارے لیے شرم کا باعث ہے، پولیو کے باعث پاکستان کو بین الاقوامی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے

مزید خبریں :