Time 15 اکتوبر ، 2019
پاکستان

انسداد پولیو ویکسین کے حق میں 100 سے زائد فتوے جاری

 پاکستان کا شمار دنیا بھر میں گنتی کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جہاں پولیو کا مرض اب بھی موجود ہے،فوٹو: فائل

اسلامی نظریاتی کونسل نے پولیو ویکسین کے حق میں 100 سے زائد فتووں کی تصدیق کردی۔

جیو نیوز کے مطابق انسداد پولیو پروگرام پاکستان کی یہ بڑی کامیابی ہے جس میں 100 سے زائد مفتیان کرام نے پولیو ویکسین کے حق میں فتویٰ دیا ہے اور اس  کی ملک کے آئینی ادارے اسلامی نظریاتی کونسل نے بھی حمایت کی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کے مطابق منفی پروپیگنڈا پولیو کے خاتمے میں بڑی رکاوٹ اور والدین کے ذہنوں میں شکوک و شبہات کا باعث ہے۔

کونسل کا کہنا ہے کہ علمائے کرام اور مدارس پولیو کے خاتمے میں بھرپورکردارادا کریں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان کا شمار دنیا بھر میں گنتی کے ان چند ممالک میں ہوتا ہے جہاں پولیو کا مرض اب بھی موجود ہے جس کےخاتمے کیلئے حکومتی سطح پر بھر پور اقدامات کیے جارہے ہیں۔

پاکستان میں پولیو ویکسین کے حلال یا حرام ہونے کے حوالے سے پائی جانے والی افواہوں کی وجہ سے انسداد پولیو پروگرام  میں مشکلات پیش آتی ہیں اور بعض والدین اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے سے ہچکچاتے ہیں۔

سندھ میں رواں برس 8 ، کے پی میں 53، پنجاب میں 5 اور بلوچستان سے رواں سال اب تک 6 کیسز سامنے آچُکے ہیں جس کے بعد ملک میں پولیو وائرس سے متاثرہ بچوں کی تعداد 72 تک جا پہنچی ہے۔

اسلامی نظریاتی کونسل کی حمایت کے بعد امید ہے کہ انسداد پولیو قطروں سے انکاری والدین بچوں کو پولیوویکسین پلانے پرقائل ہوسکیں گے۔

مزید خبریں :