Time 16 دسمبر ، 2019
کھیل

کوششں ہے خود کو کوہلی اور ولیم سن سے بھی بہترکرکٹر منوا سکوں، بابر اعظم

ویرات کوہلی اورکین ولیم سن  کے ساتھ شمار ہونا  اعزاز کی بات ہے، بابر اعظم — فائل فوٹو

پاکستان کرکٹ ٹیم کے مستند بلے باز  بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ویرات کوہلی اور کین ولیم سن جیسے کرکٹرز کے ساتھ ان کا نام لیا جانا  فخر کی بات ہے اور ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی کارکردگی سے اس موازنے کو درست ثابت کریں۔

کراچی میں پاکستان ٹیم کے میڈیا سیشن کے دوران گفتگو میں بابر اعظم نے کہا کہ بھارت کے ویرات کوہلی اور نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن بڑے کھلاڑی ہیں، ان کے ساتھ شمار ہونا ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔

بابر اعظم کا کہنا ہے کہ ان کی کوشش ہوگی کہ وہ اپنی کارکردگی سے خود کو ان کے جیسا ثابت کرسکیں۔

انہوں نے خواہش ظاہر کی کہ وہ کوشش کریں گے کہ خود کو ان ٹاپ کرکٹرز سے بھی بہترکرکٹر کے طور پر منوا سکیں۔

25 سالہ بلے باز سے جب پوچھا گیا کہ ویرات کوہلی اور ان کی کوَر ڈرائیو کا بھی موازنہ کیا جاتا ہے لیکن ان کو کس کی کوَر ڈرائیو پسند ہے تو بابر نے کہا کہ بلاشبہ ویرات کوہلی کی کوَر ڈرائیو بہتر ہےکیوں کہ ویرات کوہلی فرنٹ فُٹ کا شاندار استعمال کرتے ہیں۔

ایک سوال پر بابر اعظم نے کہا کہ ان کی کارکردگی میں تسلسل کی بنیادی وجہ ان کی محنت  ہے ۔ محنت کے بغیر کوئی چیز ممکن نہیں جب ایک کرکٹر محنت کرے گا تو اس کو اعتماد بھی ملے گا اور کارکردگی بھی بہتر ہوگی۔

پاکستان ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان نے مزید کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ کراچی ٹیسٹ میں بھی سنچری اسکور کریں اور پاکستان کو یہاں کامیابی دلوائیں۔ 

 انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو نیشنل اسٹیڈیم کی کنڈیشنز کا اندازہ ہے، امید ہے جمعرات سے یہاں اچھی کرکٹ ہوگی اور میچ نتیجہ خیز ثابت ہوگا۔

مزید خبریں :