کھیل
Time 11 نومبر ، 2019

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں پاکستان اور بابر اعظم کی پہلی پوزیشن برقرار

قومی ٹیم نے آخری مرتبہ گذشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی،فوٹو:فائل

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل(آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی ہے جس میں قومی ٹیم گذشتہ میچز میں لگاتار شکست کے باوجود پہلے نمبر پر موجود ہے۔

آئی سی سی کی تازہ ٹی ٹوئنٹی رینکنگ میں قومی ٹیم نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جب کہ آسٹریلیا ایک پوائنٹ کی کمی کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ   انگلینڈ کا تیسرا اور بھارت کا پانچواں نمبر ہے، اس فہرست میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کی عالمی چیمپیئن ویسٹ انڈیز کا 10 واں نمبر ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان کو گذشتہ تین ٹی ٹوئنٹی سیریز (آسٹریلیا، سری لنکا اور جنوبی افریقا) سے مسلسل شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے جب کہ اس دوران پاکستان ٹیم انگلینڈ سے کھیلے گئے واحد ٹی ٹوئنٹی میچ میں بھی ناکام رہی تھی۔

قومی ٹیم نے آخری مرتبہ گذشتہ سال نومبر میں نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں کامیابی حاصل کی تھی۔

دوسری جانب بلے بازوں کی فہرست میں بابراعظم نے اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی ہے جب کہ آسٹریلیا کے ایرون فنچ دوسرے اور انگلینڈ کے ڈیوڈ میلان تیسرے نمبرپر ہیں۔

بولرز کی فہرست میں افغانستان کے راشد خان سرفہرست ہیں جب کہ نیوزی لینڈ کے مچل سینٹنر دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کے عماد وسیم کا تیسرا جب کہ شاداب خان کا پانچواں نمبر ہے۔

آل راؤنڈرز کی فہرست میں پاکستان کا کوئی بھی کھلاڑی پہلے دس نمبروں میں جگہ نہیں بنا سکا، اس فہرست میں افغانستان کے محمد نبی پہلے نمبر پر براجمان ہیں جب کہ آسٹریلیا کے گلین میکسویل دوسرے نمبر پر موجود ہیں۔

پاکستان کے محمد حفیظ  18 ویں نمبر پر موجود ہیں۔

مزید خبریں :