Time 21 دسمبر ، 2019
پاکستان

پی آئی سی واقعہ: غفلت برتنے والے پولیس افسران کی نشاندہی کیلئے کمیٹی تشکیل

پی آئی سی واقعےکے روز وہاں تعینات تمام پولیس افسران کو کمیٹی کی تشکیل سے اگٓاہ کردیا گیا ہے،فوٹو:آن لائن

آئی جی پنجاب نے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی ( پی آئی سی) میں حملے اور توڑ پھوڑ کے دوران پولیس افسران کی غفلت کا تعین کرنے کےلیے انکوائری کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

سینٹرل پولیس آفس پنجاب (سی پی او) ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی پی آئی سی واقعے میں غفلت اور کوتاہی کے مرتکب پولیس افسران کی نشاندہی کرے گی۔

کمیٹی کی سربراہی ایڈیشنل آئی جی اظہر محمود کھوکھر جبکہ ڈی آئی جی عمران محمود اور اے آئی جی اطہر اسماعیل ان کے معاون ہوں گے۔

پی آئی سی واقعےکے روز وہاں تعینات تمام پولیس افسران کو کمیٹی کی تشکیل سے آگاہ کردیا گیا ہے،کمیٹی سی سی ٹی وی فوٹیج اور دیگر شواہد کا جائزہ بھی لےگی۔

خیال رہے کہ 11 دسمبر کو پی آئی سی پر وکلاء کے حملے کے واقعے میں خاتون سمیت 3 مریض جاں بحق ہوگئے تھے جب کہ وکلاء نے صوبائی وزیر اطلاعات فیاض چوہان کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا اور ہوائی فائرنگ بھی کی تھی۔

وکلاء کے حملے کے بعد پنجاب میں دل کا بڑا اسپتال پی آئی سی 6 روز مکمل طور پر غیر فعال رہا تھا جس کے باعث مریضوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ 

دوسری جانب ڈی آئی جی انویسٹی گیشنز ڈاکٹر انعام وحید نے لاہور میں پریس کانفرنس میں بتایا کہ قانون کے مطابق پی آئی سی کیس میں تفتیش جاری ہے اور ویڈیو شہادتوں کی بنیاد پر وکلاء کے گھروں پر چھاپے بھی مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :