کھیل
Time 21 دسمبر ، 2019

ثناء میر 'وزڈن' ویمن ٹیم کی کپتان مقرر

قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی آل راؤنڈر اور سابق کپتان ثناء میر نے ایک اور اعزاز حاصل کرلیا ہے ،انہیں کرکٹ کے معروف جریدے 'وزڈن' نے رواں دہائی کی ویمن ٹیم کی کپتان مقرر کیا ہے۔

ثناء میر کوکرکٹ کے بائبل کہلائے جانے والے عالمی جریدے وزڈن نے نہ صرف اس دہائی کی ویمن ٹیم  (women’s team of the decade) میں شامل کیا ہے بلکہ انہیں اس ٹیم کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔

ثناء میر وزڈن کی ٹیم میں جگہ بنانے والی پاکستان کی واحد کھلاڑی ہیں جب کہ وزڈن ٹیم میں انگلینڈ کی 3، آسٹریلیا اور بھارت کی 2،2، جب کہ نیوزی لینڈ، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز کی ایک ایک کھلاڑی شامل ہے۔

ان کھلاڑیوں کو 2010 سے لے کر اب تک کی 10 سالہ کارکردگی کی بنیاد پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

وزڈن ٹیم میں اپنا نام آنے پر ثناء میر  نے سوشل میڈیا پر اپنے ردعمل میں کہا کہ دنیا کی بہترین کرکٹرز کے ساتھ ٹیم میں شامل ہونا باعث فخر ہے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی پاکستان کا جھنڈا عالمی سطح پر بلند ہوتا ہے تو ان کا دل خوشی سے جھوم اٹھتا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل گذشتہ ماہ ثناء میر کو امریکا کے شہر نیو یارک میں ایشیا گیم چینجر ایوارڈ سے نوازا گیا تھا  جو معاشرے کی متاثر کن شخصیات کو دیا جاتا ہے۔

ثناء میر پاکستان کی جانب سے ون ڈے میں 151 اور ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں میں 89 وکٹیں حاصل کرچکی ہیں ۔ وہ ون ڈے کرکٹ میں 100 وکٹیں حاصل کرنے والی پہلی خاتون پاکستانی بولر بھی ہیں۔

مزید خبریں :