21 دسمبر ، 2019
راولپنڈی: بھارتی فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر اشتعال انگیزی کا سلسلہ جاری ہے۔
پاک فوج کے انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) میجر جنرل آصف غفور کے مطابق لائن آف کنٹرول پربھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا پاک فوج نے بھرپور جواب دیا ہے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دیوا سیکٹر پر بھارتی پوسٹوں کے تباہ ہونے اور بھارتی فوجیوں کے جانی نقصان کی اطلاعات ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کرن اور نیلم وادی میں فائرنگ کا کوئی بڑا تبادلہ نہیں ہوا اور بھارتی میڈیا کی کرن اورنیلم وادی سے متعلق خبریں بےبنیاد ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے بھارت کو خبردار کیا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی حالات سے توجہ ہٹانے کے لیے جعلی آپریشن کرنا چاہتا ہے، اگر بھارت نے کوئی جعلی آپریشن کیا تو منہ توڑ جواب کے سوا کوئی آپشن نہیں ہوگا۔