Time 22 دسمبر ، 2019
پاکستان

کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی مخالفت کردی

وفاقی کابینہ کی ذیلی کمیٹی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی اور مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نہ نکالنے کی سفارش کی ہے۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کی ذيلی کمیٹی نے اپنی سفارشات تیار کرلی ہیں جس کے مطابق کمیٹی نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ  مریم نواز کا ٹرائل ہو رہا ہے اور وہ مشروط ضمانت پر ہیں لہٰذا ان کا نام ای سی ایل سے نہیں نکالا جاسکتا۔

ذیلی کمیٹی کا کہنا ہے کہ مریم نواز اگر کسی دوسرے فورم سے اجازت لینا چاہتی ہیں تو یہ ان کا حق ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ  تمام سفارشات وفاقی کابینہ کے آئندہ اجلاس میں پیش کی جائیں گی جس کے بعد ان کا نام ای سی ایل سے نکالنے یا نہ نکالنے کا حتمی فیصلہ بھی اجلاس میں کیا جائے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں مریم نواز نے لاہور ہائیکورٹ میں اپنا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست دائر کی تھی۔

درخواست میں مریم نواز نے استدعا کی تھی کہ وفاقی حکومت کی جانب سے ای سی ایل میں نام ڈالنےکا اقدام غیر قانونی قرار دیا جائے اور اُنہیں اس لسٹ سے نام ختم کرنے کے احکامات دیے جائیں۔

اسی درخواست پر 9 دسمبر کو لاہور ہائیکورٹ نے مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے حوالے سے وفاقی حکومت کو 7 روز میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا لیکن گزشتہ روز تک حکومت نے کوئی فیصلہ نہیں کیا تھا۔

گزشتہ روز مریم نواز نے ای سی ایل سے نام نکلوانے کے لیے ایک اور درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جس پر کل سماعت ہوگی۔

مزید خبریں :