200 فیصد سیکیورٹی ملی، پاکستان میزبانی کیلئے محفوظ ملک ہے: سری لنکن کپتان

سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے نے پاکستان کو میزبانی کے لیے محفوظ ملک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سری لنکن کھلاڑیوں کو 200 فیصد سیکیورٹی ملی۔

کراچی ٹیسٹ میں شکست کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے سری لنکا کے کپتان دیموتھ کرونا رتنے کا کہنا تھا کہ پہلی اننگز میں 80 رنز کی برتری حاصل ہونے کے بعد ہم نے کچھ تجربات کیے جس کا نقصان ہوا۔

دیموتھ کرونا رتنے کا کہنا تھا دوسری اننگز میں پاکستان کو آغاز میں اچھی پارٹنرشپ ملی جس کے بعد میچ ہمارے ہاتھ سے نکلا، عابد علی کی بیٹنگ نے کافی متاثر کیا، ہم نے اسے پہلے دیکھا نہیں تھا اس لیے پلان نہیں کر سکے تھے۔

انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کی سنچری کافی شاندار تھی، اس نے اطمینان سے کھیلا جب کہ عابد نے نئے گیند سے شاندار کھیلا جو ایک مشکل ٹاسک تھا۔

ان کا کہنا تھا دوسری اننگز کے آغاز میں پاکستان کی وکٹ نہ لے سکے جس کی وجہ سے میچ ہاتھ سے نکلا، ہم دوسرے اننگز میں پاکستانی بیٹسمینوں کو پریشر میں نہیں لے سکے تھے۔

قومی ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر کے حوالے سے بات کرتے ہوئے دیموتھ کرونا رتنے کا کہنا تھا نسیم شاہ نے میچیور کرکٹ کھیلی، وہ ہے سولہ سال کا لیکن بولنگ کافی تجربہ کار کھلاڑی کی طرح کی۔

پاکستان میں سیکیورٹی کی صورت حال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے سری لنکن کپتان کا کہنا تھا پاکستان میں 200 فیصد سیکیورٹی ملی، ہم کافی خوش ہیں، پاکستانی فینز نے بھی بہت سپورٹ کیا۔

دیموتھ کرونا رتنے نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کی میزبانی کیلئے محفوظ ملک ہے اور دیگر ممالک کو بھی یہاں آنا چاہیے۔

سری لنکن کپتان کا پاکستان میں سیکیورٹی کے بہترین انتظامات سے متعلق بیان بنگلا دیش اور بھارت سمیت دیگر ٹیموں کے لیے واضح پیغام ہے جو سیکیورٹی کا بہانہ بنا کر پاکستان میں کرکٹ نہیں کھیلنے سے خوفزدہ ہیں۔

مزید خبریں :