23 دسمبر ، 2019
قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو گرفتار کر لیا۔
نیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں آج طلب کیا تھا۔
نیب ترجمان نے احسن اقبال کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔
لیگی رہنما کو کل احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں ان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جائے گی۔
ذرائع کے مطابق نیب کی زیرحراست احسن اقبال کا طبی معائنہ مکمل کرلیا گیا اور ڈاکٹروں نے احسن اقبال کو طبی طور پر فٹ قرار دیا ہے۔
اسپتال ذرائع نے بتایا کہ لیگی رہنما کا بلڈپریشر اور شوگر لیول معمول کے مطابق ہے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کے خلاف نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات جاری ہیں اور نیب راولپنڈی کے تفتیشی افسر پی ڈبلیو ڈی کی ٹیم کے ہمراہ نارووال کا دورہ کر چکے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے نیب کی جانب سے احسن اقبال کی گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ احسن اقبال نے گرفتاری سے کچھ دیر پہلے ہی عمران خان کو نالائق اور نااہل قرار دیا تھا۔
مریم اورنگزیب نے کہا کہ احسن اقبال کو بارہا خاموش رہنے کا کہا جاتا رہا لیکن وہ اپنے نظریے پر ڈٹے رہے اور سچ بولتے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو جتنے بھی لوگوں کو گرفتار کرنا ہے کر لیں لیکن ن لیگی کارکن اپنے نظریے پر ڈٹے رہیں گے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری نے احسن اقبال کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کو کنٹرول کرنے کے لیے نیب کو استعمال کیا جا رہا ہے۔
طلال چوہدری نے کہا کہ احسن اقبال کی گرفتاری نیب اور عمران خان کا گٹھ جوڑ ہے، احسن اقبال جانتے تھےکہ انہیں گرفتار کیا جائےگا مگر وہ اپنے نظریے پر قائم رہے۔
گرفتاری سے کچھ دیر قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال کا کہنا تھا کہ احتساب کو سیاسی ایجنڈے کے ساتھ جوڑا جائے تو انتقام بنتا ہے، عمران خان عالمی لیڈر بننے چلے تھے، داخلی استحکام بھی تباہ ہو گیا ہے۔
احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ناروال اسپورٹس سٹی کا مقدمہ میڈیا کے سامنے کریں، میڈیا ٹرائل بند کریں، عمران کو کہتا ہوں ن لیگ دھمکیوں سے جھکے گی نہیں، یہ ملک ہمارا ہے۔