Time 23 دسمبر ، 2019
پاکستان

احسن اقبال کو بارہا پیچھے ہٹنے اور نہ بولنے کا کہا جاتا رہا: ن لیگ کا ردعمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کی گرفتاری پر شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ احسن اقبال نوازشریف کے ساتھی اور مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری ہیں، انہیں بار بار پیغامات جاتے رہے کہ نہ بولیں اور پیچھے ہٹ جائیں لیکن وہ ڈٹے رہے۔

انہوں نے کہا کہ احسن اقبال کی 3 دن پہلے سرجری ہوئی تھی اور کئی دنوں سے اطلاعات تھیں کہ احسن اقبال کو گرفتار کرلیا جائے گا، جتنے لوگوں کو گرفتار کرنا ہے کرلیں، دھمکیاں دے دیں لیکن ن لیگ کے کارکن ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ عمران خان نالائق، نااہل، سلیکٹڈ اور جھوٹے ہیں، نیب نیازی گٹھ جھوڑ کا ایک اور شاہکار آپ کے سامنے ہے، احسن اقبال نے کچھ دیر پہلے واضح کیا تھا دھمکیوں اور قید کے باوجود ڈٹ کر کھڑے رہیں گے، احسن اقبال کا یہ قصور ہے کہ پاکستان کے عوام اور نوجوانوں کو امید دی۔

چیئرمین نیب کو بی آر ٹی میں اربوں کے کھڈے نظر نہیں آتے: ترجمان ن لیگ

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نارروال اسپورٹس سٹی کی منظوری احسن اقبال نے نہیں دی بلکہ اِس منصوبے کی منظوری پیپلزپارٹی کے دور میں دی گئی، ملک کی خدمت کرنے والوں کے خلاف ساز ش ہورہی ہے، چیئرمین نیب کو بی آر ٹی میں اربوں کے کھڈے نظر نہیں آتے، سیاسی انتقام کے لیے اداروں کو استعمال کرنے والا آج عبرت کا نشان بنا ہوا ہے۔

ترجمان (ن) لیگ نے کہا کہ 15 مہینے سے کبھی ایک تو کبھی دوسرے کو جیل میں ڈال کر آپ لائق ہوگئے، جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں کیونکہ حکومت نالائق ہے، ہم نااہلوں کو نااہل کہیں گے اور نالائقوں کو نالائق کہیں گے، یہ ملک کسی اناڑی کے حوالے نہیں کریں گے۔

ان کا کہنا ہے کہ رانا ثناء اللہ سےکچھ نہ ملا تواس پر 22 کلو ہیروئن ڈال دی، عمران خان کے جانے کا وقت ہوا چاہتا ہے، کرائے کے ترجمان ابھی کچھ دیر میں ٹی وی پر بیٹھ جائیں گے لیکن جب ثبوت مانگیں تو عدالت میں کوئی ثبوت نہیں دیا جاتا۔

احسن اقبال ڈٹ کر سچ بولتے رہے اور یہی ان کا قصور ہے: مریم اورنگزیب

لیگی ترجمان کے مطابق پارٹی صدر شہبازشریف نے احسن اقبال کی گرفتاری پر غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نیب سے تعاون کا مطلب ہے خاموشی، زبان بندی اور عمران خان کو نالائق اور چور نہ کہو لیکن ہم ایسا تعاون نہیں کریں گے، احسن اقبال بہت فعال تھے، ڈٹ کر سچ بولتے رہے  اور یہی ان کا قصور ہے۔

یاد رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو گرفتار کرلیا ہے۔ 

نیب نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں مبینہ بدعنوانی کی تحقیقات کے سلسلے میں آج طلب کیا تھا۔

نیب ترجمان نے احسن اقبال کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس کمپلیکس کیس میں گرفتار کیا گیا ہے۔ 

مزید خبریں :