Time 26 دسمبر ، 2019
پاکستان

ملک میں گیس کا بحران جاری، شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا

سردعلاقوں میں گیس کی بندش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے ،فوٹو:فائل

کراچی ، لاہور اور کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں میں گیس کا شدید بحران ہے جس کے باعث کمرشل اورگھریلو صارفین کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ملک کےمختلف شہروں میں گیس بحران مزید شدت اختیارکرگیا ہے اور کئی علاقوں میں کمرشل اور گھریلو صارفین گیس سےمکمل محروم ہیں جس کے باعث شہریوں کے لیے کھانا پکانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔

سرد علاقوں میں گیس کی بندش کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہوا ہے، گھروں میں چولہا جلانا، گیس ہیٹر  اور گیزر  چلانا مشکل ہوگیا ہے۔

سوات میں سخت سردی کے باعث شہری مہنگی لکڑیاں خریدنے پر مجبور ہیں جب کہ کوئٹہ میں بھی سخت موسم میں گیس لوڈشیڈنگ سے شہری شدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔

کراچی میں آج بھی سی این جی بند ہونے سے پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام متاثر رہا اور دفاتر جانے والے شہریوں کو منزل تک پہنچنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

کراچی کے صنعت کاروں کا ایس ایس جی سی دفتر کے باہر دھرنے کا اعلان

صوبہ سندھ میں گیس بحران کی وجہ سے صنعتوں میں کام بھی متاثر ہوا ہے جس کے خلاف صنعت کاروں نے سوئی سدرن گیس کمپنی (ایس ایس جی سی) کے دفتر کے باہر احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے۔

کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انڈسٹریل ٹاؤن ایسوسی ایشن کے کوآرڈینیٹر جاوید بلوانی نے کہا کہ دسمبر میں 13 دن گیس فراہم نہیں کی گئی، پیداواری عمل رکنے سے فیکٹریوں نے یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کو فارغ کرنا شروع کردیا ہے۔

صعنت کاروں کا کہنا تھا کہ اگر گیس پریشر بحال نہیں کیا تو ایس ایس جی سی دفتر کے باہر احتجاجی دھرنا ہوگا۔  

مزید خبریں :