پاکستان
Time 27 دسمبر ، 2019

وزیراعظم سے پی ٹی آئی کے ارکان اسمبلی کی ملاقات، تحفظات سے آگاہ کیا

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے انتہائی مصروف دن گزارا— فوٹو: پی آئی ڈی 

وزیراعظم عمران خان ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے جہاں انہوں نے انتہائی مصروف دن گزارا۔

وزیراعظم عمران خان نے کراچی کے دورے میں اسٹاک ایکسچیج کی تقریب میں شرکت کی اور کئی ملاقاتیں بھی کیں۔ 

وزیراعظم نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہونے والی تقریب تقسیم انعامات میں شرکت کی۔

تقریب سے خطاب میں وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو ترقی کی منازل پر صف اول پر لیجانا ہمارا وژن ہے، انصاف اور ہمدری کی بنیاد پر دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیاجاسکتاہے۔

وزیراعظم پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی تقریب تقسیم انعامات میں شریک ہوئے— فوٹو: پی آئی ڈی 

انہوں نے کہا کہ ہمیں مشکل حالات میں حکومت ملی، ملک میں کاروباری مواقع کو آسان بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، ایک سال کے دوران بہت سی کامیابیاں حاصل کیں،2023 تک میں آپ کو بھولنے نہیں دوں گا کہ ہمیں کس طرح کا پاکستان ملا تھا، ہمیں سوئیڈن کی اکانومی نہیں ملی تھی۔

عمران خان نے کہا کہ ہم اپنی پرفارمنس کے بارے میں آپ کو بتاتے رہیں گے، ہماری اکنامک ٹیم ہر وقت بزنس کمیونٹی کیلئے میسر ہوگی، نئے آرڈیننس کے ذریعے بزنس کمیونٹی کیلئے آسانیاں پیدا کی ہیں۔

وزیراعظم کی تاجروں سے ملاقات

وزیراعظم نے تاجر برادری سے ملاقات کی — فوٹو: پی آئی ڈی

بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے گورنر ہاؤس میں تاجروں برادری کے وفد سے ملاقات کی جس میں تاجر وں نے وزیر اعظم کو گیس بحران اور دیگر مسائل سے آگاہ کیا۔

تاجروں نے وزیر اعظم کو ٹیکس مسائل، ٹیکس ریٹرن اور دیگر مشکلات سے آگاہ کیا۔

اس ملاقات میں مشیر خزانہ ڈاکٹر حفیظ شیخ، گورنر اسٹیٹ بینک اور دیگر افراد بھی موجود تھے۔ 

تاجروں کے وفد میں صدر امریکن بزنس کونسل عدنان اسد، چیئرمین پاکستان بزنس کونسل یاور علی، سی ای او پاکستان بزنس کونسل احسن ملک ، صدر کراچی چیمبر آغا شہاب، زاہد سعید اور دیگر شامل تھے۔

وزیراعظم سے ارکان اسمبلی کی ملاقات

وزیراعظم نے ارکان اسمبلی سے ملاقات کی— فوٹو: پی آئی ڈی 

وزیراعظم عمران خان سے تحریک انصاف سندھ سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے گورنر ہاؤس میں ملاقات کی جس میں انہیں اپنے تحفظات سے آگاہ کیا۔

اس ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل، وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ 

ملاقات میں وزیراعظم عمران خان نے ارکان اسمبلی کو ہدایت کی کہ اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل حل کرانے پر بھرپور توجہ دیں، اپوزیشن اس لیے شور مچا رہی ہے کہ ہم نے ان کی کرپشن پکڑی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی طویل جدوجہد ہے، ہماری جدوجہد کا مقصد غریب عوام کی خدمت اور انہیں تحفظ فراہم کرنا ہے، اندرون سندھ پرخصوصی توجہ دیں جہاں انتہائی غربت اور کسمپرسی ہے۔

بعد ازاں وزیر اعظم عمران خان نے وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کے بیٹے کے ولیمے کی تقریب میں شرکت کی جس کے بعد وہ اسلام آباد روانہ ہوگئے۔

مزید خبریں :